پنجاب میں ہنگامی مون سون پلان پر عمل درآمد شروع، تمام اضلاع میں ایمرجنسی آپریشن سینٹرز قائم
پنجاب میں مون سون ہنگامی پلان 2025 پر عملدرآمد شروع کر دیا گیا، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے پنجاب مون سون ہنگامی پلان پر عمل درآمد کی لمحہ بہ لمحہ رپورٹ طلب کر لی، اور ہر ضلع میں ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آپریشن سینٹر قائم کرنے کی ہدایت کردی۔
ڈان نیوز کے مطابق ترجمان پنجاب حکومت کا کہنا ہے کہ ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آپریشن سینٹر وزیراعلیٰ کی ہدایت پر 24 گھنٹے فعال رہیں گے، صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے حادثات اور نقصانات سے بچاؤ کے لیے قواعد و ضوابط (ایس او پیز) جاری کر دیے۔
وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے انتظامیہ اور دیگر اداروں کو متعلقہ علاقوں میں بوسیدہ عمارتوں کی نشان دہی کرنے کی ہدایت بھی کی ہے، اور بوسیدہ گھروں کے مکینوں سے احتیاطاً محفوظ مقامات پر منتقلی کی اپیل کی ہے۔
وزیراعلی مریم نواز نے تمام ڈپٹی کمشنرز، اسسٹنٹ کمشنرز، ریسکیو اور دیگر اداروں کو ہمہ وقت تیار اور مستعد د رہنے کی ہدایت کی اور برسات کے دوران عوام کو احتیاطی تدابیر پر عملدرآمد یقینی بنانے کی اپیل کی۔
مریم نواز نے کہا کہ عوام کی حفاظت حکومت کی ذمہ داری ہے، اپنا فرض ضرور نبھائیں گے، ہر فرد کی جان قیمتی ہے، تمام تر وسائل بروئے کار لائیں گے۔
یاد رہے کہ نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے ملک بھر میں موسلا دھار بارشوں کی پیشگوئی کرتے ہوئے گلگت بلتستان میں گلیشیئرز پگھلنے سے سیلاب کا الرٹ جاری کیا ہے۔
این ڈی ایم اے الرٹ کے پیش نظر ملک بھر میں سول انتظامیہ اور ریسکیو سروس کے اہلکار کسی بھی ہنگامی صورت حال سے نمٹنے کے لیے الرٹ ہیں۔











لائیو ٹی وی