کراچی: کرنٹ لگنے کے واقعات میں پی پی رہنما کے بھائی سمیت 2 افراد جاں بحق
کراچی میں اتوار کے روز کرنٹ لگنے سے پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے رہنما کے بھائی سمیت مزید 2 افراد جاں بحق ہو گئے، جس کے بعد 3 دن کی بارشوں کے دوران ہلاکتوں کی تعداد 6 ہو گئی ہے۔
ڈان اخبار میں شائع رپورٹ کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما جاوید ناگوری کے چھوٹے بھائی عبداللہ ناگوری لیاری میں کرنٹ لگنے سے جاں بحق ہوئے۔
سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس ایس پی) عارف عزیز نے ’ڈان‘ کو بتایا کہ 41 سالہ عبداللہ اپنی بیٹھک میں کھڈا مارکیٹ کے مقام پر موجود تھے کہ اچانک بجلی کی تار ٹوٹ کر گر گئی، غالباً وہ تار کو ہٹانے کی کوشش کر رہے تھے کہ کرنٹ لگنے سے جاں بحق ہو گئے، ان کی لاش ڈاکٹر رتھ فاؤ سول ہسپتال کراچی منتقل کی گئی، جہاں ڈاکٹروں نے تصدیق کی کہ ان کی موت کرنٹ لگنے سے ہوئی ہے۔
ایک اور واقعے میں ایک نوجوان راہگیر کلفٹن میں شاہراہ ایران کے قریب کرنٹ لگنے سے جاں بحق ہو گیا۔
بوٹ بیسن کے ایس ایچ او ملک ریاض نیازی نے ’ڈان‘ کو بتایا کہ بظاہر مذکورہ شخص نے ایک بجلی کے کھمبے کو چھوا، جس سے اسے کرنٹ لگا اور وہ جاں بحق ہو گیا۔
اس کی لاش جناح پوسٹ گریجویٹ میڈیکل سینٹر منتقل کی گئی تاکہ قانونی کارروائی مکمل کی جا سکے۔
ایس ایچ او کے مطابق مقتول کی عمر 30 سال کے لگ بھگ تھی اور رات گئے تک اس کی شناخت نہیں ہو سکی تھی۔
’5 واقعات میں کے الیکٹرک کا نظام ملوث نہیں‘
جمعرات کی رات سے اب تک شہر کے مختلف علاقوں میں کرنٹ لگنے سے 6 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔
کے الیکٹرک کے ترجمان نے بارش کے دوران پیش آنے والے سیفٹی حادثات پر افسوس کا اظہار کیا اور واضح کیا کہ ان میں سے 5 واقعات میں کے الیکٹرک کے نظام کا کوئی عمل دخل نہیں تھا۔
کلفٹن میں راہ گیر کی ہلاکت کے حوالے سے ترجمان نے بتایا کہ زیر زمین کیبل کی چوری کی کوشش کے باعث فیڈر پلر باکس اور کیبل کو نقصان پہنچا، جس کے نتیجے میں حادثہ پیش آیا۔
پیپلز پارٹی کے رہنما کے بھائی کی ہلاکت کے بارے میں ترجمان نے کہا کہ لیاری کا واقعہ تفتیش کے مرحلے میں ہے، ابتدائی تحقیقات کے مطابق اس کا کے الیکٹرک کے نظام سے کوئی تعلق ظاہر نہیں ہوتا ہے۔











لائیو ٹی وی