• KHI: Partly Cloudy 26.4°C
  • LHR: Cloudy 13.7°C
  • ISB: Cloudy 18.8°C
  • KHI: Partly Cloudy 26.4°C
  • LHR: Cloudy 13.7°C
  • ISB: Cloudy 18.8°C

سنگاپور کے رہائشی علاقوں میں خود کارشٹل سروس چلنے کیلئے تیار

شائع June 30, 2025
— فائل فوٹو: دی اسٹریٹ ٹائمز
— فائل فوٹو: دی اسٹریٹ ٹائمز

سنگاپور 2025 کی چوتھی سہ ماہی کے آغاز سے پنگول میں خودکار (سیلف ڈرائیونگ) شٹل گاڑیاں سڑکوں پر لانے جا رہا ہے، جو ملک کی خودکار گاڑیوں کی ٹیکنالوجی کی طرف ایک بڑے اقدام کا حصہ ہے۔

ڈان اخبار میں شائع رپورٹ کے مطابق یہ اعلان 27 جون کو قائم مقام وزیر ٹرانسپورٹ جیفری سیاؤ نے چین کے شہر گوانگژو کے دورے کے دوران کیا، چند ہفتے قبل ہی انہوں نے آئندہ 5 سالوں کے دوران سنگاپور کے پبلک ٹرانسپورٹ نظام کو مضبوط بنانے کے لیے خودکار گاڑیوں کی تعیناتی کے منصوبے پیش کیے تھے۔

گوانگژو کے دورے پر موجود وزیر مملکت برائے ٹرانسپورٹ سن شوئی لِنگ نے کہا کہ پنگول میں ابتدائی طور پر چند راستوں پر خودکار شٹل سروس شروع کرنے پر غور کیا جا رہا ہے، جس کا فیصلہ مقامی رہائشیوں کی رائے کی بنیاد پر ہوگا۔

ان کا کہنا تھا کہ ’پنگول ویسٹ میں رہنے والے کچھ افراد چاہتے ہیں کہ انہیں پنگول ایسٹ کے بازار یا پولی کلینک جیسی سہولتوں تک آسان رسائی حاصل ہو‘، انہوں نے مزید کہا کہ ’اسی طرح پنگول کے مشرقی علاقے میں رہنے والے افراد ٹرانسپورٹ حب جیسے بس انٹرچینج تک زیادہ آسان رسائی چاہتے ہیں‘۔

تاہم، اس وقت تک نہ تو شٹل گاڑیوں کی قسم، نہ ان کے مخصوص راستے اور نہ ہی کرایوں کے بارے میں حتمی فیصلہ کیا گیا ہے۔

وزیر جیفری سیاؤ نے کہا کہ وزارتِ ٹرانسپورٹ اس وقت ممکنہ آپریٹرز اور خودکار گاڑی ساز اداروں سے بات چیت کر رہی ہے، اس میں سنگاپور کی پبلک ٹرانسپورٹ کمپنیاں شامل ہیں، جن میں سے بعض کے چین میں شراکت دار بھی ہیں، نیز امریکی کمپنی ویمو بھی شامل ہے جو خودکار ٹیکسی سروس فراہم کرتی ہے، جیفری سیاؤ اور ان کے ساتھی جلد ہی ویمو کے اعلیٰ حکام سے ملاقات کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ ’ہمارے پاس کئی آپشنز موجود ہیں، اور جس انداز میں ہم اس عمل کو آگے بڑھا رہے ہیں، اس میں امکان ہے کہ ایک سے زائد آپریٹرز کو شامل ہونے کا موقع دیا جائے گا۔‘

ان کا کہنا تھا کہ منصوبہ یہ ہے کہ کم از کم چوتھی سہ ماہی کے آغاز تک پہلی خودکار گاڑیاں سڑکوں پر آ جائیں۔ ابتدائی طور پر، یہ شٹل گاڑیاں مختصر اور طے شدہ راستوں پر ہاؤسنگ بورڈ کے رہائشی علاقوں میں خدمات فراہم کریں گی، تاکہ موجودہ بس، ٹیکسی اور نجی ہائر گاڑیوں کی خدمات کی معاونت کی جا سکے۔

وسط مدتی منصوبے میں ان شٹل گاڑیوں کو ان خدمات تک توسیع دی جائے گی جو فی الحال مزدوروں کی کمی کی وجہ سے محدود ہیں، جیسے رات کی بسیں، جو خودکار نظام کے ذریعے زیادہ بار اور مؤثر طریقے سے چلائی جا سکیں گی۔

قائم مقام وزیر نے یہ بھی واضح کیا کہ یہ نظام مرحلہ وار نافذ کیا جائے گا اور جب تک مقامی رہائشی اور سڑک کے دیگر صارفین ان گاڑیوں کے ساتھ خود کو محفوظ محسوس نہ کریں، تب تک ان شٹل گاڑیوں میں مسافروں کو سوار نہیں کیا جائے گا۔

کارٹون

کارٹون : 20 دسمبر 2025
کارٹون : 18 دسمبر 2025