• KHI: Clear 25.4°C
  • LHR: Partly Cloudy 18.3°C
  • ISB: Partly Cloudy 13.1°C
  • KHI: Clear 25.4°C
  • LHR: Partly Cloudy 18.3°C
  • ISB: Partly Cloudy 13.1°C

نیپال آئندہ سال جون سے چین کو یومیہ 5 ہزار ٹن بھینس کا گوشت برآمد کرے گا

شائع June 30, 2025
— فوٹو: دی کٹھمنڈو پوسٹ
— فوٹو: دی کٹھمنڈو پوسٹ

نیپال میں گوشت کی صنعت کے نمائندوں کا کہنا ہے کہ اگر سب کچھ منصوبے کے مطابق چلا تو نیپال اگلے سال جون سے چین کو بھینس کے گوشت کی برآمدات شروع کر دے گا، جس کا یومیہ ہدف 5 ہزار ٹن مقرر کیا گیا ہے۔

ڈان اخبار میں شائع ’دی کٹھمنڈو پوسٹ‘ کی رپورٹ کے مطابق ہمالین فوڈ انٹرنیشنل کے چیئرمین نوین کمار شرما نے بتایا کہ ’ہمیں چینی سرمایہ کاری کی تقریباً 9.5 ارب نیپالی روپے کی منظوری ملے ایک ہفتہ ہو چکا ہے، سرمایہ کار اس اتوار کو پہنچ رہے ہیں جس کے بعد ہم حتمی منظوری کے لیے انویسٹمنٹ بورڈ نیپال میں درخواست جمع کرائیں گے‘۔

اس بڑے منصوبے میں سرمایہ کاری 3 مراحل میں کی جائے گی، گزشتہ سال دسمبر میں چین نے نیپال کے ساتھ اپنی تجارت کو روایتی دستکاری مصنوعات سے آگے بڑھاتے ہوئے بھینس کے گوشت کی مارکیٹ کھول دی تھی، یہ پیشرفت وزیر اعظم کے پی شرما اولی کے سرکاری دورہ چین کے بعد سامنے آئی جس کے دوران بیجنگ نے نیپال سے گوشت درآمد کرنے پر رضامندی ظاہر کی تھی۔

16 دسمبر 2023 کو نیپالی نجی کمپنی ہمالین فوڈ انٹرنیشنل نے چینی کمپنی شنگھائی زی یان فوڈ کے ساتھ بھینس کا گوشت برآمد کرنے کے لیے کٹھمنڈو میں ایک کاروباری معاہدے پر دستخط کیے تھے۔

بیجنگ نے اس معاہدے کو اپنی سافٹ ٹریڈ ڈپلومیسی کی حکمت عملی کا حصہ قرار دیا ہے اور امید ظاہر کی ہے کہ وہ نیپال سے سالانہ 1.5 ارب ڈالر مالیت تک کا بھینس کا گوشت درآمد کرے گا، چین نے اس شراکت داری کو ایک ممکنہ گیم چینجر قرار دیا ہے۔

چین کی جانب سے نیپال کے گوشت کے شعبے میں مجموعی سرمایہ کاری تقریباً 27 ارب نیپالی روپے تک پہنچ جائے گی، جو دو بڑے شعبوں پر مشتمل ہوگی جن میں گوشت کی پروسیسنگ اور مویشی پالنے کا نظام شامل ہے۔

ہمالین فوڈ انٹرنیشنل کے چیئرمین نوین کمار شرما نے کہا کہ ’ہم اب تک تعمیراتی کام شروع کر چکے ہوتے، لیکن نیپالی حکومت کی جانب سے مویشیوں کے لیے بیماری سے پاک زون قرار دینے میں تاخیر کی گئی‘۔

انہوں نے مزید کہا کہ چینی فریق نے فنڈز کی منظوری سے پہلے اس سرکاری اعلان کا انتظار کیا، اگرچہ حکومت نے ابتدائی طور پر یہ دستاویزات دسمبر میں بھیجنے کا منصوبہ بنایا تھا لیکن یہ جون میں جا کر بھیجی گئیں۔

کارٹون

کارٹون : 15 دسمبر 2025
کارٹون : 14 دسمبر 2025