فورٹ عباس: بیوی کے ریپ کیلئے دوستوں کو مدعو کرنے والا شخص گرفتار
فورٹ عباس پولیس نے اتوار کے روز ایک شخص کو گرفتار کر لیا ہے جس پر الزام ہے کہ اس نے اپنی بیوی کا ریپ کروانے کے لیے اپنے دوستوں کو گھر بلایا تھا۔
ڈان اخبار میں شائع رپورٹ کے مطابق پولیس نے متاثرہ خاتون کی شکایت پر ایف آئی آر درج کی ہے جس میں اس نے بتایا کہ اس کا شوہر، جو ٹھوکر جمیل شاہ کا رہائشی ہے، منشیات کا عادی ہے اور اکثر اپنے دوستوں کو نشہ کرنے کے لیے گھر بلاتا تھا۔
خاتون کے مطابق 27 جون کو اس کا شوہر نشے کی حالت میں 3 اور نشئیوں کے ساتھ گھر آیا۔
اس نے بتایا کہ ان تینوں افراد نے اس کے شوہر کی رضامندی سے اسے جنسی طور پر ہراساں کیا اور زیادتی کی کوشش کی، لیکن اس نے مزاحمت کی اور شور مچا دیا۔
اس کی چیخ و پکار سن کر کچھ ہمسائے موقع پر پہنچے جس پر اس کا شوہر اور اس کے دوست فرار ہو گئے۔
پولیس ترجمان کے مطابق متاثرہ خاتون کے شوہر اور اس کے ایک دوست کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔











لائیو ٹی وی