• KHI: Clear 25.4°C
  • LHR: Partly Cloudy 18.3°C
  • ISB: Partly Cloudy 13.1°C
  • KHI: Clear 25.4°C
  • LHR: Partly Cloudy 18.3°C
  • ISB: Partly Cloudy 13.1°C

پاکستان کو دنیا کے اولین سیاحتی مراکز کی فہرست میں شامل کریں گے، شہباز شریف

شائع June 30, 2025
— فوٹو: پی ٹی وی / ویب سائٹ
— فوٹو: پی ٹی وی / ویب سائٹ

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کو دنیا کے اولین سیاحتی مراکز کی فہرست میں شامل کریں گے۔

سرکاری ٹیلی ویژن پی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت ایک اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں پاکستان میں سیاحت کے فروغ سے متعلق امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کے پاس سیاحت کے شعبے میں زرمبادلہ کمانے کی لامحدود صلاحیت موجود ہے، انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے پاکستان کو قدرتی وسائل اور بے مثال خوبصورتی سے نوازا ہے، شمالی علاقوں میں برف پوش پہاڑ، جنگلات، دریا، حتیٰ کہ میدان اور ریگستانی علاقے اور ایسے دیگر قدرتی وسائل کی بدولت ہمارا ملک دنیا میں کسی بھی ملک سے سیاحت کے ضمن میں کم نہیں۔

وزیراعظم نے ہدایت کی کہ پاکستان کو دنیا بھر میں ایک مضبوط ٹورزم برانڈ کے طور پر متعارف کروایا جائے اور تمام صوبے اس قومی مقصد میں مکمل تعاون کریں، ان کا کہنا تھا کہ حکومت کے ترقیاتی ویژن کے تحت پاکستان کو دنیا کے نمایاں سیاحتی مراکز میں شامل کیا جائے گا۔

انہوں نے پاکستان ٹورزم ڈیولپمنٹ اتھارٹی (پی ٹی ڈی سی) کو فوری عملی اقدامات کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ سیاحت کے فروغ کے لیے مخصوص ٹورزم زونز قائم کیے جائیں۔

انہوں نے زور دیا کہ بین الاقوامی سیاحوں کی سہولت کے لیے پبلک اور پرائیویٹ سیکٹرز کو مل کر اقدامات کرنا ہوں گے، اندرون ملک سیاحت اور ملکی سیاحوں کی تفریحی مقامات پر آمد کے لیے خصوصی اقدامات کیے جائیں۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ ٹورزم سیکٹر میں طویل مدتی سرمایہ کاری کی حکمت عملی مرتب کی جائے تاکہ یہ شعبہ ملکی معیشت میں مضبوط کردار ادا کر سکے، اجلاس میں وزیراعظم کو ملک میں شعبہ سیاحت کی استعداد کو بروئے کار لانے کے لیے تجاویز پیش کی گئیں۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ سیاحت کو فروغ دینے کے لیے شمالی علاقوں جیسے سیاحتی مقامات کی تشہیر، میڈیکل ٹورزم اور دیگر اقدامات لیے جا سکتے ہیں۔

اجلاس میں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ، وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی، وفاقی وزیر برائے آزاد کشمیر و گلگت بلتستان انجنئیر امیر مقام، وزیر قومی ورثہ اورنگزیب کھچی، وزیراعظم کے مشیر رانا ثنا اللہ، معاون خصوصی حذیفہ رحمٰن اور متعلقہ اداروں کے اعلیٰ حکام شریک ہوئے۔

کارٹون

کارٹون : 15 دسمبر 2025
کارٹون : 14 دسمبر 2025