چولستان کے 7 خستہ حال تاریخی قلعوں کی بحالی کیلئے 2 ارب 90 کروڑ کا منصوبہ شروع
پنجاب حکومت نے چولستان کے 7 خستہ حال تاریخی قلعوں کی بحالی کے لیے 2 ارب 90 کروڑ روپے سے زائد لاگت کے ایک پرجوش منصوبے کا آغاز کیا ہے۔
ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق جنوبی پنجاب کے ایڈیشنل چیف سیکریٹری (اے سی ایس) فواد ہاشم ربانی نے بتایا کہ بحالی کے اس منصوبے کے لیے کُل 2 ارب 90 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں، جن میں سے ایک ارب 89 کروڑ روپے حالیہ بجٹ میں رکھے گئے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ جن قلعوں کی بحالی اس منصوبے کے تحت کی جائے گی ان میں قلعہ دراوڑ، جام گڑھ، میر گڑھ، موج گڑھ، دین گڑھ، پھلڑہ اور ماڑوٹ شامل ہیں۔
ایڈیشنل چیف سیکریٹری نے مزید کہا کہ اس منصوبے کے اگلے مرحلے میں 20 دیگر خستہ حال قلعوں کو بھی شامل کیا جائے گا، ایک ارب 89 کروڑ روپے کی رقم جاری ہونے کے بعد بحالی کا کام سب سے پہلے قلعہ دراوڑ سے شروع کیا جائے گا۔
فواد ہاشم ربانی نے یہ بھی کہا کہ حکومت نے جنوبی پنجاب میں سیاحت کو فروغ دینے کے لیے 7 نئے ترقیاتی منصوبوں کے لیے بجٹ میں 4 ارب روپے بھی مختص کیے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ ان منصوبوں میں سب سے اہم بہاولپور کے نیشنل پارک لال سہانرا کے قدرتی ماحولیاتی نظام کا تحفظ ہے، جس کے لیے 2 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔
دیگر سیاحتی منصوبوں میں 2 تفریحی پارکوں کی تعمیر شامل ہے، ایک فورٹ منرو میں 40 کروڑ روپے کی لاگت سے، اور دوسرا دریائے سندھ کے کنارے ڈیرہ غازی خان میں 80 کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر کیا جائے گا۔
ایڈیشنل چیف سیکریٹری نے امید ظاہر کی کہ ان منصوبوں کی بروقت تکمیل نہ صرف جنوبی پنجاب کی سیاحتی صلاحیت کو اجاگر کرے گی بلکہ اس خطے میں روزگار کے نئے مواقع بھی پیدا ہوں گے۔











لائیو ٹی وی