ماہرین کی مچھروں کو مارنے کے بجائے ان کا علاج کرنے کی تجویز

شائع July 4, 2025
فوٹو: اے پی
فوٹو: اے پی

طبی سائنسدانوں نے ملیریا سمیت مچھروں کے کاٹنے سے پھیلنے والی دیگر بیماریوں کے خاتمے کے لیے انسانوں کے بجائے مچھروں کا علاج کرنے کی تجویز دے دی۔

برطانوی نشریاتی ادارے ’بی بی سی‘ کے مطابق امریکی سائنسدانوں نے ملیریا کے خلاف انقلابی حکمت عملی تجویز کرتے ہوئے مچھروں کو مارنے کے بجائے انہیں ملیریا کی دوا دے کر بیماری سے پاک کرنے کا مشورہ دے دیا تاکہ مچھر زندہ رہنے کے باوجود انسانوں تک بیماری نہ پھیلائیں۔

مذکورہ غیر معمولی تجویز ہارورڈ یونیورسٹی کے ماہرین کی جانب سے سامنے آئی ہے، جنہوں نے ایک تحقیق کے دوران دو ایسی دوائیں دریافت کی ہیں جو مچھر کے جسم میں موجود ملیریا کے جراثیم (پیرا سائٹس) کو مکمل طور پر ختم کر سکتی ہیں۔

ماہرین کے مطابق مذکورہ دو دوائیں مچھروں کو ان کی ٹانگوں کے ذریعے جذب کروائی جا سکتی ہیں۔

ماہرین نے تحقیق کے دوران ایتھوپیا اور دیگر ممالک کے ملیریا کے جراثیموں کے ڈی این اے کا تجزیہ کیا۔

ماہرین نے مچھروں کے ڈی این اے کا تجزیہ کرنے کے بعد سیکڑوں ممکنہ دواؤں کا تجربہ کیا اور پھر بالآخر 22 دواؤں کی فہرست تیار کی، جنہیں بعد ازاں ملیریا سے آلودہ خون کے ذریعے مچھروں پر آزمایا گیا۔

مذکورہ 22 دواؤں میں سے دو دوائیں ایسی نکلیں جنہوں نے مچھر کے جسم میں موجود تمام ملیریا جراثیم کو 100 فیصد ختم کر دیا۔

ان دواؤں کو مچھر دانی جیسے مواد پر استعمال کیا گیا، اور تجربات میں ثابت ہوا کہ اگرچہ مچھر زندہ رہتا ہے مگر اس کے جسم میں موجود ملیریا جراثیم ختم ہو جاتے ہیں، اس طرح وہ مچھر مزید کسی انسان کو بیمار نہیں کر سکتا۔

ماہرین کی خواہش ہے کہ مستقبل میں مچھر دانیاں نہ صرف کیمیکل انسیکٹی سائیڈز کے ساتھ محفوظ ہوں ہوں بلکہ ان میں ملیریا کش دوائیں بھی شامل ہوں تاکہ اگر ایک طریقہ ناکام ہو جائے تو دوسرا کام کرے۔

کارٹون

کارٹون : 4 دسمبر 2025
کارٹون : 3 دسمبر 2025