یمن کے حوثیوں کا غزہ کی حمایت میں اسرائیل پر میزائل حملہ

شائع July 6, 2025
— فائل فوٹو: انادولو
— فائل فوٹو: انادولو

یمن کے حوثیوں نے صہیونی درندگی کا شکار اہل غزہ کی حمایت میں اسرائیل پر میزائل داغا ہے جسے اسرائیلی فوج نے ناکارہ بنانے کا دعویٰ کیا ہے۔

خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق اسرائیلی فوج نے کہا ہے کہ اتوار کی صبح یمن سے داغا گیا ایک میزائل اسرائیل کی جانب آتے ہوئے راستے میں ہی تباہ کر دیا گیا، اس دوران ملک کے مختلف حصوں میں خطرے کے سائرن بجائے گئے۔

میزائل ناکارہ بنائے جانے کے چند گھنٹے بعد ایران سے وابستہ یمن کے حوثی گروہ کے ترجمان نے ایک بیان میں تصدیق کی کہ انہوں نے وسطی اسرائیل کے علاقے یافا کو نشانہ بناتے ہوئے ایک بیلسٹک میزائل فائر کیا ہے۔

اسرائیل نے خبردار کیا ہے کہ اگر حوثیوں کی جانب سے حملے جاری رہے تو ان کے خلاف بحری اور فضائی ناکہ بندی کی جائے گی، حوثی گروہ کا کہنا ہے کہ وہ غزہ میں فلسطینیوں کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کے طور پر اسرائیل پر حملے کر رہے ہیں۔

اکتوبر 2023 میں اسرائیل کی غزہ پر جنگ کے آغاز کے بعد سے حوثی باغی، جو یمن کے بیشتر علاقوں پر قابض ہیں، اسرائیل اور بحیرۂ احمر میں جہاز رانی پر حملے کر رہے ہیں، جس سے عالمی تجارتی راستے متاثر ہوئے ہیں۔

تاہم اب تک ان کی جانب سے داغے گئے درجنوں میزائل اور ڈرونز میں سے بیشتر راستے میں ہی تباہ کر دیے گئے یا ہدف تک پہنچنے سے پہلے گر گئے، اسرائیل حوثیوں کے خلاف جوابی فضائی کارروائیاں بھی کر چکا ہے۔

کارٹون

کارٹون : 6 جولائی 2025
کارٹون : 5 جولائی 2025