• KHI: Sunny 28.2°C
  • LHR: Partly Cloudy 22.9°C
  • ISB: Partly Cloudy 21.5°C
  • KHI: Sunny 28.2°C
  • LHR: Partly Cloudy 22.9°C
  • ISB: Partly Cloudy 21.5°C

بلوچستان میں حالیہ مون سون بارشوں کے دوران 7 افراد جاں بحق ہوئے، پی ڈی ایم اے

شائع July 7, 2025
— فائل فوٹو: ڈان
— فائل فوٹو: ڈان

بلوچستان میں حالیہ مون سون بارشوں کے دوران مختلف حادثات میں 7 افراد جاں بحق اور 7 زخمی ہوئے، طوفانی بارشوں اور سیلابی صورتحال سے مختلف اضلاع میں 22 مکانات کو نقصان پہنچا۔

صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے بلوچستان میں حالیہ مون سون بارشوں سے نقصانات کی رپورٹ جاری کردی، رپورٹ کے مطابق حالیہ مون سون بارشوں کے دوران مختلف حادثات میں 7 افراد جاں بحق اور 7 زخمی ہوئے۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق طوفانی بارشوں اور سیلابی صورتحال سے مختلف اضلاع میں 22 مکانات کو نقصان پہنچا، ضلع واشک میں سیلابی صورتحال سے 5 مکانات مکمل منہدم ہوئے، واشک میں فلیش فلڈنگ سے مکانات اور زرعی زمینوں کو نقصان پہنچا۔

لورالائی میں طوفانی ہواؤں سے متعدد سولر پینلز کو نقصان پہنچا، سوراب میں بھی شدید بارش اور طوفانی ہواؤں سے گھروں اور سولرپینلز کو نقصان ہوا۔

موسیٰ خیل میں آسمانی بجلی گرنے سےایک شخص جاں بحق ہوا، پی ڈی ایم اے کی جانب سے متاثرہ اضلاع میں مزید نقصانات کا تخمینہ لگانے کے لیے سروے جاری ہے، پی ڈی ایم اے کی صوبے کے متاثرہ اضلاع میں امدادی سرگرمیاں بھی جاری ہیں۔

واضح رہے کہ بلوچستان سمیت ملک بھر میں مون سون کا دوسرا اسپیل جاری ہے جس کے دوران 10 جولائی تک بارشوں کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات نے موسلا دھار بارش کے باعث مری، گلیات، مانسہرہ، کوہستان، ایبٹ آباد، بونیر، چترال، دیر کے مقامی برساتی ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔

اسلام آباد، راولپنڈی، ڈیرہ غازی خان، شمال مشرقی پنجاب، کشمیر اور بلوچستان کے مقامی برساتی ندی نالوں میں بھی طغیانی کا خدشہ ہے، شدید بارشوں کے باعث خیبرپختونخوا، مری، گلیات اور کشمیر میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ بھی ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ شدید بارشوں کے باعث اسلام آباد، راولپنڈی، گوجرانوالہ، لاہور کے نشیبی علا قے زیر آب آنے کا اندیشہ ہے، اسی طرح سیالکوٹ، سرگودھا، فیصل آباد، نوشہرہ اور پشاور کے نشیبی علاقے زیر آب آنے کا اندیشہ ہے۔

کارٹون

کارٹون : 17 دسمبر 2025
کارٹون : 16 دسمبر 2025