غلط بیانی پر وزیراعظم کو نااہل کیا جاسکتا ہے تو ایوان میں ہنگامہ کرنے والوں کو کیوں نہیں؟ ملک احمد
پجاب اسمبلی میں 26 ارکان سمبلی کی نااہلی کا ریفرنس دائر کرنے پر اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان نے کہا ہے کہ غلط بیانی پر وزیراعظم کو نااہل کیا جاسکتا ہے تو ایوان میں ہنگامہ کرنے والوں کو کیوں نہیں؟ آرٹیکل 62، 63 کا مخالف ہوں۔
اسپیکر پنجاب اسمبلی نے لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف کی نااہلی پر پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے اسپیکر کے اختیار کی حمایت کی، اسمبلی کی کارروائی میں رکاوٹ ڈالنا بھی حلف کی خلاف ورزی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاناما کیس فیصلے میں آصف سعید کھوسہ نے کہا کہ وزیراعظم کے خلاف اپوزیشن کے 22 ارکان اسپیکر کے پاس گئے تھے، آرٹیکل 62، 63 جمہوریت کے خلاف استعمال ہوئے، آرٹیکل 62، 63 آمریت کی نشانیاں ہیں، چاہیں تو دونوں آرٹیکلز آئین سے نکال پھینکیں۔
ان کا کہنا تھا کہ آئین کے آرٹیکل 62، 63 کا مخالف ہوں، اسمبلی کو قواعد کے مطابق چلانا اسپیکر کی ذمہ داری ہے، بطور اسپیکر اپنا کردار پوری دیانت داری سے نبھانے کی کوشش کرتا ہوں، ہنگامی آرائی پر کچھ ارکان کو معطل کیا، کچھ کو نوٹسز بھجوائے، ایوان کے تقدس کا خیال رکھنا ہر رکن کی ذمہ داری ہے۔
یاد رہے کہ بجٹ سیشن کے دوران پنجاب اسمبلی میں وزیراعلیٰ مریم نواز کی تقریر کے دوران اپوزیشن ارکان نے ہنگامہ آارائی اور احتجاج کیا تھا، اس دوران اسمبلی میں مبینہ طور پر توڑ پھوڑ بھی کی گئی تھی۔
اس کے بعد اسپیکر پنجاب اسمبلی نے اپوزیشن کے 26 ارکان کی نااہلی کا ریفرنس الیکشن کمیشن آف پاکستان میں دائر کرنے کا اعلان کیا تھا، ساتھ ہی مختلف ارکان پر لاکھوں روپے جرمانہ بھی عائد کیا گیا تھا۔











لائیو ٹی وی