شاہ میر خان بھٹو سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے نئے سربراہ مقرر
کراچی کے علاقے لیاری میں 3 روز قبل عمارت گرنے کے واقعے کے بعد ڈی جی سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی محمد اسحاق کھوڑو کو عہدے سے ہٹا کر شاہ میر خان بھٹو کو نیا ڈی جی ایس بی سی اے تعینات کردیا گیا، اس سلسلے میں نوٹی فیکیشن جاری کردیا گیا ہے۔
ڈان نیوز کے مطابق وزیر اعلیٰ سندھ کے احکامات کے بعد سانحہ لیاری پر ڈی جی سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی محمد اسحاق کھوڑو کو عہدے سے ہٹا دیا گیا جبکہ شاہ میر خان بھٹو کو نیا ڈی جی ایس بی سی اے تعینات کردیا گیا ہے۔
شاہ میر بھٹو سیکریٹری چیف منسٹر انکوائری کمیٹی تعینات تھے جبکہ 20 ویں گریڈ کے اسحٰق کھوڑو کے خلاف محکمہ جاتی کاروائی شروع کردی گئی ہے، سندھ حکومت نے سابق ڈی جی ایس بی سی اے اسحٰق کھوڑو کے خلاف تحقیقات کا فیصلہ کیاہے، اسحٰق کھوڑو بلڈنگ گرنے کے کسی واقعے میں ملوث پائے گئے تو کاروائی کی جائے گی۔
واضح رہے کہ 3 روز قبل کراچی کے علاقے لیاری میں 6 منزلہ عمارت زمیں بوس ہوگئی تھی جس کے نتیجے میں 27 افراد جاں بحق ہوگئے تھے، عمارت کا ملبہ اٹھانے کا عمل آج مکمل کرلیا گیا ہے۔
سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے آج صوبائی وزرا کے ساتھ پریس کانفرسن کرتے ہوئے بتایا تھا کہ وزیراعلیٰ ڈی جی ایس بی سی اے کو عہدے سے ہٹادیا ہے، اس موقع پر 27 افراد کے لواحقین کو فی کس 10 روپے دینے کا اعلان کیا گیا تھا۔











لائیو ٹی وی