سویڈن نے اسلام آباد میں ویزا سروسز کا دوبارہ آغاز کردیا، دفتر خارجہ
دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ سویڈن نے اسلام آباد میں ویزا سروسز دوبارہ شروع کر دی ہیں اور پاکستانی شہری آج سے شینگن ویزا کے لیے درخواست دے سکیں گے۔
خیال رہے کہ اپریل 2023 میں سویڈن نے سیکیورٹی صورتحال کے پیش نظر اسلام آباد میں اپنا سفارتخانہ غیر معینہ مدت کے لیے بند کر دیا تھا، اس وجہ سے مائیگریشن سیکشن درخواستوں پر کارروائی نہیں کر سکتا تھا اور نہ ہی کوئی دستاویزات قونصل خانوں، جیریز یا درخواست گزاروں کے پتے پر بھیجی جا سکتی تھیں۔
اُس وقت سفارتخانے کی ویب سائٹ پر جاری نوٹس میں کہا گیا تھا،’ ہمیں معلوم ہے کہ اس سے درخواست گزاروں کو تکلیف ہوگی، لیکن ہمارے درخواست گزاروں اور عملے کی حفاظت ہماری اولین ترجیح ہے۔’
سوئس سفارتخانہ اس سال اپریل میں دوبارہ کھل گیا تھا، جیسا کہ اس کی ویب سائٹ پر درج ہے۔
دفتر خارجہ کے مطابق، سویڈن اور پاکستان کی وزارتِ خارجہ کے درمیان 2 جولائی کو اسٹاک ہوم میں دوطرفہ مشاورتی اجلاس ہوا، جس میں سویڈن کی جانب سے ویزا سروسز دوبارہ شروع کرنے کا اعلان کیا گیا۔
دفتر خارجہ نے کہا کہ’ 7 جولائی 2025 سے پاکستانی شہری پاکستان کے اندر رہتے ہوئے سویڈن کے لیے 90 دن تک کے دورے کے لیے شینگن ویزا کی درخواست دے سکیں گے۔’
دفتر خارجہ نے اس مثبت پیش رفت کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کے مضبوط ہونے کی عکاسی ہوتی ہے۔
دفتر خارجہ نے مزید کہا کہ اسٹاک ہوم میں ہونے والی دوطرفہ مشاورت میں پاکستانی وفد کی قیادت ایڈیشنل سیکرٹری خارجہ (یورپ) نے کی جبکہ سویڈن کی طرف سے سویڈش وزارتِ خارجہ کے ڈائریکٹر جنرل برائے عالمی امور نے اجلاس کی صدارت کی۔











لائیو ٹی وی