کراچی: کھوکھراپار میں 16 سالہ لڑکی کا تشدد کے بعد بے دردی سے قتل
کراچی کے علاقے کھوکھراپار میں 16 سالہ لڑکی کو تشدد کے بعد گلا گھونٹ کر بے دردی سے قتل کر دیا گیا، پولیس نے جائے وقوع کے قریب زیر تعمیر مکان سے 4 افراد کو شک کی بنیاد پر حراست میں لے لیا۔
ڈان اخبار میں شائع رپورٹ کے مطابق پولیس نے بتایا کہ جمعرات کی دوپہر کھوکھراپار کے علاقے میں ایک نوعمر لڑکی کو بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنانے کے بعد گلا گھونٹ کر قتل کر دیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق 16 سالہ اریبہ کی لاش ڈی-1 علاقے میں مدینہ مسجد کے قریب ایک تنگ و تاریک گلی سے برآمد ہوئی۔
کھوکھراپار تھانے کے ایس ایچ او اللہ بچایو نے ڈان کو بتایا کہ لڑکی اپنے چچا کے گھر پر والد کے لیے دوپہر کا کھانا تیار کر رہی تھی، وہ کھانا لے کر نکلتے ہی اسی علاقے میں اغوا کر لی گئی اور قتل کر دی گئی۔
ایس ایچ او کے مطابق جس گلی میں لاش ملی وہاں 3 سے 4 گھر ہیں جن میں سے ایک زیر تعمیر ہے، پولیس نے جب زیر تعمیر مکان کی تلاشی لی تو وہاں سے مقتولہ کی ایک چپل برآمد ہوئی جسے اس کے والد نے شناخت کر لیا۔
مزید تلاش پر وہ کھانا (دلیہ) بھی وہیں پھینکا ہوا ملا جو مقتولہ نے تیار کیا تھا، پولیس افسر کے مطابق لڑکی کے جسم پر شدید تشدد کے نشانات پائے گئے جبکہ اس کا گلا دوپٹے سے گھونٹا گیا تھا، جو اس کی گردن کے گرد لپٹا ہوا ملا۔
لاش کو قانونی کارروائی کے لیے جناح پوسٹ گریجویٹ میڈیکل سینٹر منتقل کر دیا گیا ہے، پولیس افسر نے مزید بتایا کہ لڑکی کے والدین کی علیحدگی تقریباً 6 سال قبل ہوئی تھی۔
پولیس سرجن ڈاکٹر سمیہ سید کے مطابق پوسٹ مارٹم رپورٹ کا انتظار ہے جس سے مزید تفصیلات سامنے آئیں گی۔
ڈان نیوز کے مطابق پولیس نے گھر کے قریب زیر تعمیر پلاٹ سے شک کی بنا پر 4 افراد کو حراست میں لے کر تھانے منتقل کردیا ہے، زیر حراست افراد سے پوچھ گچھ کی جارہی ہے، لڑکی کے ساتھ زیادتی کا اندیشہ ظاہر کیا جارہا ہے۔
پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ پوسٹ مارٹم کے دوران زیادتی کی تصدیق ہونے پر زیر حراست افراد کے طبی معائنے کے دوران ڈی این اے نمونے محفوظ کرکے لیبارٹری بھیجے جائیں گے، جس کا موازنہ لڑکی کے پوسٹ مارٹم میں حاصل نمونے سے کیا جائے گا۔












لائیو ٹی وی