• KHI: Partly Cloudy 27.6°C
  • LHR: Partly Cloudy 21.6°C
  • ISB: Cloudy 20.7°C
  • KHI: Partly Cloudy 27.6°C
  • LHR: Partly Cloudy 21.6°C
  • ISB: Cloudy 20.7°C

لندن: الطاف حسین کی صحت کے حوالے سے پارٹی رہنما نے اہم بیان جاری کردیا

شائع July 12, 2025
— فوٹو: ایکس
— فوٹو: ایکس

متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) لندن کے سینئر رہنما مصطفیٰ عزیز آبادی نے ایک ویڈیو پیغام میں بتایا ہے کہ بانی الطاف حسین کی طبیعت میں بہتری آ رہی ہے جبکہ سوشل میڈیا پر پھیلائی جانے والی افواہوں میں کوئی صداقت نہیں ہے۔

تفصیلات کے مطابق ایم کیو ایم کے بانی الطاف حسین کو حال ہی میں لندن میں شدید بیماری کے باعث ہسپتال میں داخل کیا گیا تھا، جہاں ان کے متعدد ٹیسٹ کیے گئے تھے۔

لندن میں مقیم سینئر پارٹی رہنما مصطفیٰ عزیز آبادی نے ڈان ڈاٹ کام کو بتایا کہ ایم کیو ایم بانی کا علاج جاری ہے اور امید ہے کہ انہیں کوئی سنجیدہ نوعیت کی بیماری نہیں ہے۔

آج صبح ایک ویڈیو پیغام میں عزیز آبادی کا کہنا تھا کہ الطاف حسین کی طبیعت کل کے مقابلے میں کافی بہتر ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ الطاف حسین کے کچھ ٹیسٹ کیے گئے ہیں اور اب ان کی صحت میں بہتری آرہی ہے جبکہ ڈاکٹرز ٹیسٹ رپورٹس کے مطابق ان کا علاج کر رہے ہیں۔

انہوں نے ایم کیو ایم کے بانی کے حوالے سے سوشل میڈیا پر چلنے والی غلط خبروں کو ’افسوسناک‘ قرار دیا۔

دوسری جانب، ایم کیو ایم لندن رابطہ کمیٹی کے ڈپٹی کنوینر قاسم علی کی جانب سے بھی ایک تازہ اپ ڈیٹ میں کہا گیا کہ ڈاکٹروں نے بانی ایم کیو ایم کا تفصیلی طبی معائنہ کیا ہے اور گزشتہ روز کی ٹیسٹ رپورٹس کی روشنی میں علاج جاری ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ خون کی کمی کے باعث ڈاکٹروں نے آج بھی الطاف حسین کو بلڈ ٹرانسفیوژن جاری رکھنے کا مشورہ دیا۔

خیال رہے کہ الطاف حسین ایم کیو ایم کے بانی ہیں، جسے پہلے مہاجر قومی موومنٹ کے نام سے جانا جاتا تھا، انہوں نے اردو بولنے والوں کی نمائندگی کے لیے ایک سیاسی جماعت کا آغاز کیا۔

الطاف حسین کی قیادت میں ایم کیو ایم نے 1988 کے انتخابات میں سندھ کے شہری علاقوں میں بڑی کامیابی حاصل کی اور ملک کی تیسری بڑی سیاسی جماعت کے طور پر ابھری۔

الطاف حسین اس وقت لندن میں مقیم ہیں، جہاں وہ 1992 سے خود ساختہ جلاوطنی کاٹ رہے ہیں، بعد ازاں انہیں برطانوی شہریت مل گئی تھی، لندن سے الطاف حسین نے سیاست میں فعال کردار ادا کیا، وہ باقاعدگی سے کراچی میں اپنے کارکنان سے خطاب کرتے تھے۔

کارٹون

کارٹون : 18 دسمبر 2025
کارٹون : 17 دسمبر 2025