• KHI: Sunny 28.2°C
  • LHR: Partly Cloudy 22.9°C
  • ISB: Partly Cloudy 21.5°C
  • KHI: Sunny 28.2°C
  • LHR: Partly Cloudy 22.9°C
  • ISB: Partly Cloudy 21.5°C

شامی اور اسرائیلی عہدیداروں کی باکو میں ملاقات متوقع

شائع July 12, 2025
فوٹو: اے ایف پی
فوٹو: اے ایف پی

شامی صدر احمد الشرع کے دورہ آذربائیجان کے موقع پر شامی اور اسرائیلی عہدیدار کی باکو میں ملاقات متوقع ہے۔

غیر ملکی خبررساں ادارے ’اے ایف پی‘ کے مطابق دمشق میں ایک سفارتی ذرائع نے اس معاملے کی حساسیت کی وجہ سے اپنا نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بات یہ معلومات شیئر کیں۔

ذرائع نے بتایا کہ باکو میں ہونے والے اس دورے کے موقع پر ایک شامی عہدیدار اور ایک اسرائیلی عہدیدار کے درمیان ملاقات ہوگی۔

خیال رہے کہ اسرائیل آذربائیجان کو اسلحہ سپلائی کرتا ہے اور یہاں اس کی سفارتی موجودگی بھی مضبوط ہے، جو ایران کا ہمسایہ ہے، جسے اسرائیل اپنا بڑا دشمن سمجھتا ہے۔

سفارتی ذریعے نے زور دے کر کہا کہ خود احمد الشرع اس ملاقات میں شریک نہیں ہوں گے، یہ ملاقات ’شام میں حالیہ اسرائیلی فوجی موجودگی‘ پر مرکوز ہوگی۔

دسمبر میں طویل عرصے سے حکمرانی کرنے والے بشار الاسد کی حکومت کے خاتمے کے بعد اسرائیل نے شام میں سیکڑوں فضائی حملے کیے تاکہ اہم فوجی اثاثے عبوری حکومت کے ہاتھ نہ لگ سکیں، جس کی سربراہی اب احمد الشرع کر رہے ہیں۔

الشرع بارہا کہہ چکے ہیں کہ شام اپنے ہمسایوں کے ساتھ تنازع نہیں چاہتا اور عالمی برادری سے مطالبہ کر چکا ہے کہ اسرائیل پر دباؤ ڈالا جائے کہ وہ اپنے حملے بند کرے۔

حال ہی میں ان کی حکومت نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ اسرائیل کے ساتھ بالواسطہ رابطے ہوئے ہیں تاکہ 1974 کے علیحدگی معاہدے کی بحالی پر بات چیت ہو، جس نے بفر زون قائم کیا تھا۔

اسرائیل اب تک احمد الشرع کی حکومت کو ان کے القاعدہ سے ماضی کے تعلقات کے تناظر میں دیکھتی آئی ہے۔

تاہم، گزشتہ ماہ کے آخر میں اسرائیلی وزیر خارجہ گیڈیون سار نے کہا تھا کہ اسرائیل شام کے ساتھ امن اور تعلقات کی بحالی کا معاہدہ کرنے میں دلچسپی رکھتا ہے۔

شامی سرکاری میڈیا کے مطابق اس بیان کے رد عمل میں ایک شامی سرکاری ذریعے نے جواب دیا کہ یہ بات ’قبل از وقت‘ ہے۔

لیکن اس ہفتے لبنان کے دورے کے دوران شام کے لیے امریکی خصوصی ایلچی ٹام باراک نے کہا تھا کہ شام اور اسرائیل کے درمیان بات چیت شروع ہو گئی ہے۔

مئی میں ریاض میں الشرع سے ملاقات کے بعد امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے صحافیوں کو بتایا تھا کہ انہوں نے امید ظاہر کی ہے کہ شام بھی دیگر عرب ممالک کی طرح اسرائیل کے ساتھ تعلقات معمول پر لائے گا۔

کارٹون

کارٹون : 17 دسمبر 2025
کارٹون : 16 دسمبر 2025