امیر مقام، گورنر پختونخوا کی ملاقات، صوبے میں حکومت کی ممکنہ تبدیلی پر تبادلہ خیال
گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی سے مسلم لیگ (ن) خیبر پختونخوا کے صدر امیر مقام نے گورنر ہاؤس میں ملاقات کی اور صوبے میں اپوزیشن رہنماؤں کے مجوزہ اجلاس پر تبادلہ خیال کیا۔
ڈان اخبار میں شائع رپورٹ کے مطابق تحریک انصاف کی زیر قیادت خیبر پختونخوا حکومت میں ممکنہ تبدیلی کی خبروں کے دوران، مسلم لیگ (ن) کے ذرائع نے ’ڈان‘ کو بتایا کہ گورنر فیصل کریم کنڈی جلد گورنر ہاؤس میں اپوزیشن رہنماؤں کا اجلاس بلانے کا ارادہ رکھتے ہیں۔
جے یو آئی (ف) کے رہنما مولانا غفور حیدری نے اتوار کے روز کہا کہ جمعیت علمائے اسلام (ف) نے صدارتی حکم یا گورنر راج کے ذریعے صوبائی حکومت کی تبدیلی کی مخالفت کی ہے، لیکن آئینی اور پارلیمانی طریقہ کار یعنی تحریک عدم اعتماد کو مسترد نہیں کیا۔
ذرائع کے مطابق گورنر فیصل کریم کنڈی اور امیر مقام کے درمیان خیبر پختونخوا میں ممکنہ تبدیلی سے متعلق گفتگو ہوئی، کیونکہ وزیر اعظم شہباز شریف نے صوبے میں اپوزیشن رہنماؤں کی حمایت حاصل کرنے کے لیے ایک کمیٹی تشکیل دی ہے تاکہ اس مقصد کو حاصل کیا جا سکے۔
اسی دوران، گورنر فیصل کریم کنڈی نے سابق پی ٹی آئی رہنما اور موجودہ وزیر اعظم کے مشیر پرویز خٹک کی رہائش گاہ پر جا کر ان کی ہمشیرہ کے انتقال پر تعزیت کی۔
چند روز قبل گورنر نے جے یو آئی (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن سے بھی ملاقات کی تھی۔
حال ہی میں گورنر نے وزیر اعظم شہباز شریف سے بھی ملاقات کی، جس کے بعد ایک پریس ریلیز جاری کی گئی جس میں کہا گیا کہ وزیر اعظم نے گورنر کو ہدایت دی ہے کہ وہ خیبر پختونخوا میں نئی حکومت کی تشکیل کے لیے مہم شروع کریں اور صوبائی اسمبلی میں اپوزیشن اراکین سے مشاورت کریں۔
گورنر فیصل کریم کنڈی اور امیر مقام، دونوں کو مولانا فضل الرحمٰن سے ملاقات اور مزید مشاورت کا ٹاسک دیا گیا ہے۔
گزشتہ ہفتے خیبر پختونخوا اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر ڈاکٹر اقبال اللہ نے گورنر سے ملاقات کی تھی، اس ملاقات میں پاکستان پیپلز پارٹی خیبر پختونخوا کے صدر محمد علی شاہ باچا بھی موجود تھے، ملاقات میں صوبے کی مجموعی سیاسی صورتحال پر گفتگو کی گئی تھی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ڈاکٹر اقبال اللہ نے گورنر کو اپوزیشن جماعتوں کے درمیان جاری ہم آہنگی اور رابطوں کے بارے میں بریفنگ دی تھی۔
دونوں رہنماؤں نے صوبائی اسمبلی کے آزاد اراکین کی حالیہ سرگرمیوں اور آئندہ سینیٹ انتخابات پر بھی تبادلہ خیال کیا۔












لائیو ٹی وی