• KHI: Partly Cloudy 19.5°C
  • LHR: Partly Cloudy 12.7°C
  • ISB: Partly Cloudy 16°C
  • KHI: Partly Cloudy 19.5°C
  • LHR: Partly Cloudy 12.7°C
  • ISB: Partly Cloudy 16°C

خیبرپختونخوا حکومت کام کے بجائے احتجاج میں وقت ضائع کر رہی ہے، گیلپ کا عوامی سروے

شائع July 14, 2025
— فوٹو: گیلپ پاکستان
— فوٹو: گیلپ پاکستان

خیبرپختونخوا کے عوام نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی صوبائی حکومت کی کارکردگی پر سوالات اٹھا دیے۔

ڈان نیوز کے مطابق گیلپ کی جانب سے کیے گئے رائے عامہ کے جائزے میں 58 فیصد عوام نے کہا کہ ان کی رائے میں صوبائی حکومت کے ترقیاتی فنڈز میں کرپشن کی جارہی ہے، اسی سے جڑے ایک سوال کے جواب میں 40 فیصد شہریوں نے پنجاب کے مقابلے میں خیبرپختونخوا میں زیادہ کرپشن کا دعویٰ بھی کیا۔

سروے کے مطابق 73 فیصد شہریوں کی رائے میں سرکاری نوکریاں میرٹ پر نہیں ملتیں، جب کہ 59 فیصد نے بے روزگاری میں اضافے کی نشاندہی کی۔

60 فیصد شہریوں نے رائے دی کہ خیبرپختونخوا حکومت کام کے بجائے احتجاج میں وقت ضائع کر رہی ہے، 73 فیصد شہریوں نے صوبے میں سفارشی کلچر پروان چڑھنے کی شکایت کی، جب کہ 66 فیصد ووٹرز نے منتخب نمائندوں سے وعدہ خلافی کا شکوہ کیا۔

گیلپ سروے کے دوران 58 فیصد رائے دہندگان نے خیبرپختونخوا میں امن وامان کی صورت حال پر اطمینان کا اظہار کیا۔

سروے میں عوام کی اکثریت نے موجودہ گنڈاپور حکومت کے مقابلے میں ماضی کی محمود خان اور پرویز خٹک کی پی ٹی آئی حکومتوں کی کارکردگی کو ٹرانسپورٹ کے شعبے میں بہتر قرار دیا۔

گیلپ رپورٹ اپریل سے جون کے دوران تیار کی گئی جس میں 3 ہزار افراد سے انٹرویوز کیے گئے تھے۔

سروے وفاق کی ایما پر تیار کیا گیا اسکرپٹ ہے، بیرسٹر سیف

مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا بیرسٹر سیف نے گیلپ کی سروے رپورٹ کو وفاقی حکومت کی ایما پر تیار شدہ سیاسی اسکرپٹ قرار دے دیا۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ مفروضوں پر مبنی سروے کا حقیقت سے دور دور تک واسطہ نہیں، گیلپ غیر جانبدار ہے تو پنجاب کی تباہ کاریاں اور جنوبی پنجاب کی محرومیاں بھی دکھائے۔

انہوں نے سوال کیا کہ سندھ میں کچے کے ڈاکوؤں اور کراچی کی گندگی پر گیلپ نے عوامی رائے کیوں نہیں لی؟

بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا سیاسی جماعتیں اور ان کا بیانیہ جعلی سروے سے نہیں، عوام کے ووٹ سے بنتے ہیں۔

مشیر اطلاعات نے کہا کہ گیلپ سروے مور کے منہ میں سانپ ہے، مریم نواز گیلپ کے منہ میں بیٹھ کر زہر اگل رہی ہیں، افغان مہاجرین پر زہر، پارکس کا شور اور پنجاب میں بزنس ہیون کا جھانسہ جعلی حکومت کی جانب سے مزاحیہ ڈرامہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ عوام جانتے ہیں کہ ان کے مینڈیٹ کو کون چوری کر کے اقتدار میں بیٹھا ہے، ووٹ چور سروے جیسے ہتھکنڈوں سے عوام کو گمراہ نہیں کر سکتے، گیلپ چند ٹکوں کے عوض اپنی ساکھ داؤ پر لگا رہا ہے۔

بیرسٹر سیف نے کہا کہ عمران خان اور تحریک انصاف کی مقبولیت کو سروے سے قابو کرنا خوابوں میں ممکن ہے۔

کارٹون

کارٹون : 18 دسمبر 2025
کارٹون : 17 دسمبر 2025