کراچی: شادی سے انکار پر خاتون کو قتل کرنے کی کوشش کرنے والا ملزم گرفتار
کراچی کے علاقے اتحاد ٹاؤن میں ایک شخص نے شادی سے انکار کرنے پر خاتون کو قتل کرنے کی کوشش کی لیکن خوش قسمتی سے وہ محفوظ رہیں جب کہ پولیس نے ملزم کو گرفتار کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق اتحاد ٹاؤن پولیس نے پیر کے روز بتایا کہ کراچی میں ایک شخص کو گرفتار کیا گیا ہے جس پر الزام ہے کہ اس نے شادی سے انکار پر ایک خاتون کو گولی مار کر قتل کرنے کی کوشش کی تھی جب کہ ملزم کے قبضے سے غیر قانونی اسلحہ بھی برآمد ہوا۔
پولیس کا کہنا تھا کہ ملزم کے حملے میں خوش قسمتی سے خاتون محفوظ رہی جس کے بعد اتحاد ٹاؤن تھانے میں پاکستان پینل کوڈ (پی پی سی) کی دفعات 324 (قتل کا ارادہ) اور 34 (مشترکہ نیت) کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا۔
مقدمہ درج ہوتے ہی اسٹیشن ہاؤس افسر انسپکٹر راؤ شبیر احمد کی سربراہی میں ایک پولیس ٹیم نے خصوصی مخبر کی اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کر لیا۔
پولیس ٹیم نے ملزم کے قبضے سے غیر قانونی اسلحہ بھی برآمد کیا، جس پر اسلحہ ایکٹ کی دفعہ 23(ون)-اے کے تحت بھی مقدمہ درج کر لیا گیا۔
واضح رہے کہ 2021 میں ملزم پر اپنی سابقہ بیوی پر تیزاب پھینک کر قتل کی کوشش کا بھی الزام ہے، اس واقعے کا مقدمہ سعید آباد تھانے میں پاکستان پینل کوڈ کی دفعات 336-اے (تیزاب سے نقصان پہنچانے کا جرم) اور 336-بی (تیزاب سے نقصان پہنچانے کی سزا) کے تحت درج کیا گیا تھا۔
ملزم کے خلاف اتحاد ٹاؤن تھانے میں پہلے بھی فائرنگ کا ایک مقدمہ درج ہے، جس میں اس نے دیگر نامعلوم افراد کے ساتھ مل کر کسی شخص پر حملہ کیا تھا۔
اس مقدمے میں پی پی سی کی دفعات 337-(آئی)ایچ (غفلت یا لاپرواہی سے نقصان پہنچانے کی سزا)، 324 (قتل کی کوشش)، 109 (اعانت جرم کی سزا) اور 34 (مشترکہ نیت) شامل ہیں۔
حالیہ برسوں میں ملک بھر میں خواتین پر تشدد کے کیسز میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جس پر سندھ ہائی کورٹ نے بھی نوٹس لیتے ہوئے کہا تھا کہ پولیس ان کیسز کو سنجیدگی سے نہیں لیتی۔
مارچ میں ایک شخص کو کراچی ملیر کورٹ کے باہر اپنی بیوی کو قتل کرنے کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا، جبکہ جنوری میں اورنگی ٹاؤن میں ایک نامعلوم نوجوان خاتون کو ٹارگٹ کلنگ میں قتل کر دیا گیا تھا۔












لائیو ٹی وی