راولپنڈی: اپوزیشن لیڈر عمر ایوب کی 26 نومبر احتجاج کے 14 مقدمات میں ضمانت خارج
راولپنڈی میں قائم انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت (اے ٹی سی) نے 26 نومبر 2024 کے احتجاج کے 14 مقدمات میں اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی عمر ایوب کی ضمانت خارج کردی۔
ڈان نیوز کے مطابق عدالت نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) سے تعلق رکھنے والے قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف عمر ایوب کو گرفتار کرکے پیش کرنے کا حکم دیا ہے، عدالت نے ضمانت ملزم اور وکیل صفائی کی غیر حاضری پر خارج کی۔
اے ٹی سی راولپنڈی کے جج امجد علی شاہ نے ضمانت کی درخواست پر سماعت کی، اس دوران ملزم اور اس کا وکیل غیر حاضر تھے، فاضل جج نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ملزم عمر ایوب کی 14 مقدمات میں ضمانت خارج کرتے ہوئے عمر ایوب کو گرفتار کرکے پیش کرنے کی ہدایت جاری کردی۔
اپوزیشن لیڈر عمر ایوب کے خلاف راولپنڈی اور اٹک میں 24 اور 26 نومبر 2024 کے پر تشدد احتجاج کے الزام پر مقدمات درج ہیں۔
یاد رہے کہ اس سے قبل اپریل 2025 میں اسلام آباد کی انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے پاکستان تحریک انصاف کے 26 نومبر کے احتجاج پر پی ٹی آئی کے 86 ورکرز کی ضمانت کی درخواستیں مسترد کر دی تھیں۔
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں قائم انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت کے جج ابوالحسنات محمد ذوالقرنین نے پی ٹی آئی کے 86 ورکرز کی ضمانت کی درخواستوں پر محفوظ کیا گیا فیصلہ سنایا تھا۔
عدالت کے جج نے وکلائے طرفین کے دلائل سننے کے بعد اپنا فیصلہ سناتے ہوئے 86 ملزمان کی ضمانت کی درخواستیں مسترد کی تھیں۔












لائیو ٹی وی