• KHI: Partly Cloudy 22°C
  • LHR: Partly Cloudy 15.8°C
  • ISB: Partly Cloudy 14.8°C
  • KHI: Partly Cloudy 22°C
  • LHR: Partly Cloudy 15.8°C
  • ISB: Partly Cloudy 14.8°C

چیئرمین سینیٹ سے انٹرا پارلیمنٹری اسپیکرز کانفرنس کے سیکریٹری جنرل کی ملاقات

شائع July 15, 2025
فوٹو: ڈان نیوز
فوٹو: ڈان نیوز

چیئرمین سینیٹ اور انٹرا پارلیمنٹری اسپیکرز کانفرنس (آئی ایس سی) کے بانی چیئرمین سید یوسف رضا گیلانی نے عالمی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے اجتماعی حکمت عملی اپنانے پر زور دیا ہے۔

چیئرمین سینیٹ پاکستان اور انٹرا پارلیمنٹری اسپیکرز کانفرنس (آئی ایس سی) کے بانی چیئرمین سید یوسف رضا گیلانی سے آج پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد میں آئی ایس سی کے سیکریٹری جنرل اک ناتھ دھکل نے ملاقات کی۔

ملاقات کے دوران، سیکریٹری جنرل اک ناتھ دھکل نے پاکستان میں نومبر میں منعقد ہونے والی مجوزہ کانفرنس کے حوالے سے بریفنگ دی، چیئرمین سینیٹ گیلانی نے اس دورے کو علاقائی مکالمے اور تعاون کو فروغ دینے کے لیے نہایت اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ آئی ایس سی خطے اور دنیا میں امن و ترقی کے فروغ کے لیے ایک مؤثر پلیٹ فارم ثابت ہوگا۔

عالمی تنازعات اور دیگر چیلنجز کے حوالے سے بات کرتے ہوئے چیئرمین سینیٹ نے زور دیا کہ ’ ان مسائل سے نمٹنے کے لیے اجتماعی حکمت عملی وقت کی اہم ضرورت ہے۔’

اک ناتھ دھکل نے چیئرمین گیلانی کی قیادت اور ویژن پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کی عالمی سطح پر پہچان آئی ایس سی کو مزید مؤثر اور جامع بنانے میں معاون ثابت ہوگی۔

سیکریٹری جنرل نے تنظیم کے آئندہ کے لائحہ عمل پر بھی روشنی ڈالی، جس میں انٹراپارلیمنٹری یونین (آئی پی یو) میں مبصر کی حیثیت سے شامل ہونے کی باضابطہ درخواست اور اقوام متحدہ کے ساتھ تعاون کو مزید فروغ دینے کے منصوبے شامل ہیں تاکہ عالمی امن و ترقی کے اہداف حاصل کیے جا سکیں۔

ملاقات کے اختتام پر اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ پارلیمانی تعاون کو مضبوط بنانے، علاقائی امن کو فروغ دینے اور مشترکہ چیلنجز سے افہام و تفہیم اور مکالمے کے ذریعے نمٹنے کے لیے مل کر کام کیا جائے گا۔

پاکستان ٹیلی وژن سے بات کرتے ہوئے چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ میں انٹرا پارلیمنٹری اسپیکرز کانفرنس کے بانی سیکریٹری جنرل اک ناتھ دھکل کو خوش آمدید کہتا ہوں، ان کا دورہ اسلام آباد میں منعقد ہونے والی بین الاقوامی کانفرنس برائے امن کی تیاریوں کا آغاز ہے، جو عالمی سطح پر امن اور ہم آہنگی کو فروغ دے گی۔

اک ناتھ دھکل نے پرتپاک استقبال اور مہمان نوازی پر شکریہ ادا کیا اور نیپال کے عوام، حکومت اور پارلیمنٹ کی طرف سے نیک خواہشات پہنچائیں۔

انہوں نے پاکستان اور آئی ایس سی کے درمیان تعاون کو مضبوط بنانے اور پاکستان، نیپال و دیگر رکن ممالک کے درمیان دوستی کے رشتے مزید مستحکم کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔

کارٹون

کارٹون : 17 دسمبر 2025
کارٹون : 16 دسمبر 2025