امریکی صدر کا انڈونیشیا کے ساتھ تجارتی معاہدے کا اعلان، ٹیرف کم کرکے 19 فیصد کردیا
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے انڈونیشیا کے ساتھ ایک تجارتی معاہدے کا اعلان کیا ہے جس کے تحت امریکا، انڈونیشی مصنوعات پر عائد مجوزہ 32 فیصد ٹیرف کم کر کے 19 فیصد کر دے گا۔
خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ کی رپورٹ کے مطابق یہ معاہدہ انڈونیشیا کی جانب سے امریکی ہوائی جہاز، توانائی اور زرعی اجناس کی خریداری میں اضافے پر مشتمل ہے، جس کا مقصد جکارتہ کے حق میں موجود تقریباً 18 ارب ڈالر کے تجارتی خسارے کو متوازن بنانا ہے۔
صدر ٹرمپ نے کہا کہ معاہدے میں انڈونیشیا کی جانب سے 15 ارب ڈالر مالیت کی امریکی توانائی مصنوعات کی خریداری شامل ہے، تاہم انہوں نے تفصیلات نہیں بتائیں۔
انڈونیشیا کی سرکاری توانائی کمپنی پرٹامینا نے بتایا کہ اس نے کئی امریکی کمپنیوں کے ساتھ یادداشتوں پر دستخط کیے ہیں تاکہ خام تیل اور فیڈ اسٹاک کی خریداری کو بہتر بنایا جا سکے، ان معاہدوں میں ریفائنری کے شعبے میں تعاون کے امکانات کا جائزہ بھی شامل ہے۔
گزشتہ ہفتے ’رائٹرز‘ نے رپورٹ کیا تھا کہ معاہدے میں امریکی کمپنیوں ایکسن موبل اور شیورون سے خریداری شامل ہو گی۔
صدر ٹرمپ نے کہا کہ انڈونیشیا 4.5 ارب ڈالر مالیت کی امریکی زرعی اجناس خریدے گا، گزشتہ ہفتے انڈونیشیا کی ویٹ فلور ملز ایسوسی ایشن نے امریکی ہم منصبوں کے ساتھ تقریباً 1.25 ارب ڈالر کے معاہدے پر دستخط کیے تھے، جس کے تحت 2026 سے 2030 تک ہر سال کم از کم 10 لاکھ میٹرک ٹن امریکی گندم خریدی جائے گی۔
رائٹرز کے مطابق اس معاہدے میں فوری نوڈلز بنانے والی بڑی کمپنی انڈوفوڈ کی خریداری بھی شامل ہے، جبکہ امریکی کمپنیاں جن سے خریداری ہو گی ان میں کارگل، بنج گلوبل، پیسیفکور، آرچر-ڈینیئلز-میڈلینڈ، کولمبیا گرین انٹرنیشنل اور یونائیٹڈ گرین کارپوریشن شامل ہیں۔
2024 میں امریکا نے انڈونیشیا کو تقریباً 7 لاکھ ٹن گندم برآمد کی جو آسٹریلیا اور کینیڈا کے بعد تیسرا سب سے بڑا برآمدی ملک رہا۔
زراعت کے شعبے میں ہونے والے اس معاہدے میں سویابین، مکئی اور کپاس کی خریداری بھی شامل ہے، لیکن ان کی مقدار کے بارے میں ابھی تفصیلات سامنے نہیں آئیں۔
صدر ٹرمپ کے مطابق انڈونیشیا نے 50 بوئنگ طیارے خریدنے کا عزم ظاہر کیا ہے، تاہم انہوں نے خریداری کے وقت یا شیڈول کے بارے میں کچھ نہیں بتایا۔
اس سے قبل یہ رپورٹ کیا گیا تھا کہ طیاروں کی خریداری کے معاہدے میں انڈونیشیا کی سرکاری ایئر لائن گارودا انڈونیشیا شامل ہو گی۔
گارودا کے سی ای او نے گزشتہ ہفتے کہا تھا کہ وہ امریکی کمپنی بوئنگ سے 75 طیارے خریدنے کے لیے بات چیت کر رہے ہیں، جن میں 737 میکس 8 اور 787 ماڈل شامل ہوں گے۔












لائیو ٹی وی