• KHI: Partly Cloudy 17.9°C
  • LHR: Partly Cloudy 12.8°C
  • ISB: Partly Cloudy 13.1°C
  • KHI: Partly Cloudy 17.9°C
  • LHR: Partly Cloudy 12.8°C
  • ISB: Partly Cloudy 13.1°C

پاکستان کا ایئرلائنز کو ایئرسیفٹی لسٹ سے نکالنے پر برطانیہ کا خیرمقدم

شائع July 17, 2025
— فائل فوٹو: ٹوئٹر
— فائل فوٹو: ٹوئٹر

پاکستان نے برطانیہ کی ایئر سیفٹی کمیٹی کی جانب سے اپنی ایئرلائنز کو یوکے ایئر سیفٹی لسٹ سے نکالنے کے فیصلے کا گرمجوشی سے خیرمقدم کیا ہے، جس کے نتیجے میں 5 سال بعد برطانیہ کے لیے کمرشل پروازوں کی بحالی ممکن ہو گئی ہے۔

دفتر خارجہ سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ اہم فیصلہ پاکستان کی گزشتہ برسوں کی مسلسل سفارتی اور تکنیکی کوششوں کا اعتراف ہے، پاکستان نے بین الاقوامی حفاظتی معیارات پر پورا اترنے اور انہیں برقرار رکھنے کے اپنے عزم کو واضح طور پر ثابت کیا ہے۔

دفتر خارجہ کے مطابق پابندی کا خاتمہ پاکستان اور برطانیہ کے درمیان فضائی روابط کی بحالی کی ایک اہم پیش رفت ہے، جو برطانیہ میں مقیم لاکھوں پاکستانیوں کے لیے سہولت اور دونوں ممالک کے درمیان معاشی، ثقافتی اور عوامی روابط کو مزید مضبوط کرے گی۔

دفتر خارجہ کے مطابق برطانیہ میں 17 لاکھ سے زائد برطانوی پاکستانی دنیا کی بڑی تارکین وطن کمیونٹیوں میں سے ایک ہیں، اور براہ راست پروازوں کی بحالی خاندانوں، کاروبار، سیاحت اور تجارت کے لیے نمایاں فوائد لے کر آئے گی۔

دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان نے فضائی تحفظ سے متعلق اپنے عزم کو تسلیم کرنے اور جائزہ عمل کے دوران تعمیری تعاون پر برطانیہ کا شکریہ ادا کیا ہے۔

واضح رہے کہ برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ نے گزشتہ روز تصدیق کی تھی کہ پاکستان کو برطانیہ کی ایئر سیفٹی فہرست سے نکال دیا گیا ہے، اب تمام پاکستانی فضائی کمپنیاں برطانیہ کے لیے پروازوں کی اجازت حاصل کرنے کے لیے درخواست دے سکتی ہیں۔

برطانوی ہائی کمشنر کے مطابق برطانیہ کی ایئر سیفٹی کمیٹی نے پاکستان میں فضائی تحفظ کے نظام میں بہتری کے بعد پاکستانی فضائی کمپنیوں پر عائد پابندیاں ختم کر دی ہیں، تاہم ہر فضائی کمپنی کو برطانیہ میں پروازوں کے آغاز سے قبل برطانوی سول ایوی ایشن اتھارٹی سے الگ اجازت نامے حاصل کرنا ہوں گے۔

کارٹون

کارٹون : 13 دسمبر 2025
کارٹون : 12 دسمبر 2025