کراچی ٹیکس بار کی سیلز ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کی تاریخ میں توسیع کی درخواست
کراچی ٹیکس بار ایسوسی ایشن (کے ٹی بی اے) نے فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) سے جون کے لیے سیلز ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کی آخری تاریخ میں توسیع کی درخواست کردی، ایسوسی ایشن نے اس کی وجہ آئی آر آئی ایس (IRIS) سسٹم پر بار بار پورٹل بند ہونے اور لاگ ان میں مسلسل ناکامی کو قرار دیا ہے۔
ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق ایف بی آر چیئرمین کو لکھے گئے خط میں کے ٹی بی اے نے موجودہ آتھنٹیکیشن میکانزم کے تحت ٹیکس گزاروں، مشیروں اور کارپوریٹ اداروں کو، خاص طور پر سیلز ٹیکس نظام کی پاسداری کے حوالے سے درپیش آپریشنل رکاوٹوں کو اجاگر کیا ہے،۔
ایف بی آر کی سیکیورٹی کو مزید بہتر بنانے کی کوششوں کی حمایت کرتے ہوئے کے ٹی بی اے نے نشاندہی کی کہ کیو آر کوڈز صرف ٹیکس گزار کے رجسٹرڈ موبائل نمبر پر بھیجنے کی شرط نے عملی مشکلات پیدا کر دی ہیں، یہ مسئلہ بیرون ملک مقیم ٹیکس گزاروں کے لیے خاص طور پر زیادہ ہے جو پاکستان سے آنے والے ایس ایم ایس وصول کرنے سے قاصر رہتے ہیں۔
خط میں مزید کہا گیا ہے کہ کارپوریٹ ٹیکس گزاروں کو بھی مشکلات کا سامنا ہے جب رجسٹرڈ موبائل نمبر کسی ڈائریکٹر یا مجاز ملازم کے پاس ہوتا ہے جو گوشوارے جمع کرانے کی آخری تاریخ کے دوران دستیاب نہیں ہوتا۔
مزید برآں، قانونی طور پر مجاز نمائندے، جیسے ای-انٹرمیڈیریز، اکاؤنٹنٹس اور مشیر ، قانونی اجازت رکھنے کے باوجود اپنے کلائنٹس کی طرف سے گوشوارے جمع کرانے یا پاسداری یقینی بنانے سے قاصر رہتے ہیں۔












لائیو ٹی وی