• KHI: Partly Cloudy 22.2°C
  • LHR: Partly Cloudy 15.3°C
  • ISB: Cloudy 13.2°C
  • KHI: Partly Cloudy 22.2°C
  • LHR: Partly Cloudy 15.3°C
  • ISB: Cloudy 13.2°C

کراچی میں مخدوش قرار دی گئی 41 عمارتیں خالی کرالیں، گرانے کے وسائل نہیں، سعید غنی

شائع July 18, 2025
— فوٹو: ڈان نیوز
— فوٹو: ڈان نیوز

وزیر بلدیات سندھ سعید غنی کا کہنا ہے کہ کراچی میں مخدوش قرار دی گئی 41 عمارتوں کو خالی کرا لیا گیا ہے تاہم ہمارے پاس اتنے وسائل نہیں کہ فوری طور پر ان عمارتوں کوگرایا جاسکے۔

وزیر بلدیات سندھ سعید غنی نے جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کراچی میں مخدوش قراردی گئی 41 عمارتوں کو خالی کرالیا گیا ہے جبکہ کچھ کو توڑا بھی گیا ہے، جن عمارتوں کو خالی کرایاگیا ان کے مکینوں کو 3 ماہ کا کرایہ دیا جائے گا۔

وزیر بلدیات سندھ نے کہا کہ ہمارے پاس اتنے وسائل نہیں کہ فوری طور پر ان عمارتوں کوگرایا جاسکے، عمارتیں خالی کرانا مشکل عمل ہے، مزاحمت کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

سعید غنی نے کہا کہ تعمیراتی اداروں کی تنظیم آباد اور انجینئرنگ کونسل کے ساتھ مل کرطویل مدتی لائحہ عمل بنا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بعض اوقات ہمیں عدالتی فیصلوں کی وجہ سے بھی مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے کیونکہ غیر قانونی تعمیرات کے خلاف عدالتیں حکم امتناع دے دیتی ہیں۔

وزیر بلدیات سندھ نے واضح کیا کہ گزشتہ روز لیاری میں جس عمارت کی چھت گری وہ خطرناک عمارتوں میں شامل نہیں تھی۔

واضح رہے کہ جمعرات کو لیاری میں 6 منزلہ عمارت کی 2 منزلوں کی چھت گرنے کے نتیجے میں 2 خواتین جاں بحق اور 4 زخمی ہوگئی تھیں۔

اس سے قبل رواں ماہ لیاری کے علاقے بغدادی میں 5 منزلہ عمارت زمین بوس ہونے سے 27 افراد جاں بحق ہوگئے تھے۔

واقعے کے بعد وزیراعلیٰ سندھ نے سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے سربراہ کو فارغ کردیا تھا جبکہ پولیس نے واقعے کا مقدمہ متاثرہ عمارت کے مالک اور ایس بی سی اے کے 12 افسران کے خلاف درج کرکے انہیں گرفتار کرلیا تھا۔

سانحہ لیاری کے بعد لیاری سمیت شہر بھر میں انتہائی مخدوش قرار دی گئی 51 عمارتوں کو گرانے کا فیصلہ کیا گیا تھا جبکہ مخدوش عمارتیں گرانے کا سلسلہ جاری ہے۔

سندھ حکومت نے گرائی جانے والی متاثرہ عمارتوں کے مالکان اور کرایہ داروں کو 3 ماہ کا کرایہ دینے کا اعلان کیا تھا۔ْ

کارٹون

کارٹون : 13 دسمبر 2025
کارٹون : 12 دسمبر 2025