9 مئی کیسز: سزائیں قانونی تقاضوں کو پورا کیے بغیر دی گئیں، بیرسٹر گوہر
چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) بیرسٹر گوہر علی خان نے کہا ہے کہ 9 مئی کے کیسز میں سزائیں قانونی تقاضوں کو پورا کیے بغیر دی گئیں، جس سے عوام کا عدالتوں سے اعتماد اٹھ گیا ہے۔
ڈان نیوز کے مطابق اسلام آباد میں پی ٹی آئی رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر علی خان نے کہا کہ پاکستان میں متنازع فیصلوں کی کمی نہیں ہے، عدلیہ کے متنازع فیصلوں میں ایک اور کا اضافہ ہوا ہے، آج کے فیصلوں سے ظاہر ہوا کہ عدالتیں ناکام ہوگئی ہیں۔
چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ قانون کے مطابق ایک کیس میں مختلف جگہوں پرٹرائل نہیں ہوسکتا، اپوزیشن لیڈر پنجاب ملک احمد بھچر اور 3 پی ٹی آئی اراکین کو سزائیں ہوئیں، سربراہ پاکستان تحریک انصاف عمران خان اور ساتھیوں نے کہا تھا کہ ہمیں شفاف ٹرائل کا حق دیاجائے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی نے ہمیشہ 9 مئی کی مذمت کی ہے، ہماری پارٹی نے 2023 میں پیٹیشن دائر کر دی تھی، آئین اور قانون کا تقاضہ یہی ہے کہ ایک ملزم کا ٹرائل ایک ہی جگہ ہو گا، اس کے باوجود ہم نے عدالتوں کا سامنا کیا۔
اس موقع پر پی ٹی آئی رہنما سلمان اکرم راجا نے کہا کہ یہ معاملہ صرف پی ٹی آئی کا نہیں رہا، اب ہر فرد کا ہے، جس ملک کی عدالتیں تباہ ہو جائیں اس ملک کے لیے لمحہ فکریہ ہے، آج کی فیصلوں سے جمہوریت کو سزا ہوئی ہے، عوام کو اب فیصلہ کرنا ہے کہ کیا اس نظام کو ختم کرنا ہے یا نہیں۔
خیال رہے کہ لاہور کی انسدادِ دہشت گردی عدالت نے شیرپاؤ پل جلاؤ گھیراؤ کیس میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنماؤں ڈاکٹر یاسمین راشد، میاں محمود الرشید، اعجاز چوہدری اور سرفراز چیمہ کو 10 10 سال قید کی سزا سنادی جبکہ شاہ محمود قریشی، حمزہ عظیم سمیت 6 ملزمان کو بری کر دیا۔
قبل ازیں، انسداد دہشت گردی عدالت سرگودھا نے 9 مئی 2023 کو میانوالی میں احتجاج کے مقدمے میں اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی ملک احمد بچھر اور دیگر ملزمان کو 10،10 سال قید کی سزا سنادی۔
سرگودھا کی انسدادِ دہشت گردی عدالت نے سانحہ 9 مئی 2023 کے حوالے سے میانوالی کے تھانہ موسیٰ خیل میں درج مقدمہ نمبر 72 کا فیصلہ سنایا۔
انسداد دہشت گردی عدالت نے اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان بچھر اور رکن قومی اسمبلی احمد چٹھہ سمیت پی ٹی آئی کے 32 رہنماؤں اور کارکنوں کو 10، 10 سال قید کی سزا سنادی۔













لائیو ٹی وی