اسلام آباد میں کار سوار باپ بیٹی کے ڈوبنے کا واقعہ، قائمہ کمیٹی نے ہاؤسنگ سوسائٹی کے نمائندگان کو طلب کرلیا
سینیٹ قائمہ کمیٹی موسمیاتی تبدیلی نے اسلام آباد میں کار سوار باپ بیٹی کے ڈوبنے کا واقعہ افسوسناک قرار دے دیا۔
چیئرپرسن کمیٹی نے سوال کیا کہ نجی ہاؤسنگ سوسائٹی کا واقعہ کس کی ڈومین میں آتا ہے، چیئرپرسن نے آئندہ اجلاس میں نجی ہاؤسنگ سوسائٹی کے نمائندگان کو طلب کرلیا۔
چیئرپرسن کمیٹی سینیٹر شیری رحمٰن کی زیر صدارت سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے موسمیاتی تبدیلی کا اجلاس ہوا، جس میں بارشوں اور سیلاب سے ہونی والی اموات پر دعائے مغفرت کرائی گئی۔
چیئرپرسن کمیٹی سینیٹر شیری رحمٰن نے کہا کہ ملک بھر میں مون سون بارشوں سے تباہ کاریاں اور اموات کے واقعات رپورٹ ہورہے ہیں، سیلاب اور بارشوں سے متاثرہ علاقوں میں ریسکیو آپریشن جاری ہیں، لیکن آپریشن کے بعد تحقیقات ہونی چاہیے، یہ قدرتی آفات نہیں ہیں، ہمیں اپنی ذمہ داریوں سے دستبردار نہیں ہونا چاہیے۔
چیئرپرسن کمیٹی نے کہا کہ کمیٹی میں اسلام آباد میں ڈوبنے والے کار سوار باپ بیٹی کا واقعہ افسوسناک ہے، نجی ہاؤسنگ سوسائٹی کے واقعے پر تحقیقات ہونی چاہیے، سید پور گاؤں میں واقع تعمیرات سے متعلق انکوائری ہونی چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ دنیا میں پاکستان موسمیاتی تبدیلیوں سے متاثرہ ممالک میں نمبر ایک پر آگیا ہے، ہم نے 2022 کے سیلاب سے کیا سبق سیکھا ہے؟ اس طرح کے واقعات مزید بڑھیں گے، گلوبل وارمنگ بڑھ رہی ہے، مون سون سیزن میں شمالی علاقہ جات میں سیاحوں کے داخلوں پر پابندی لگنی چاہیے۔ چیئرپرسن کمیٹی نے آئندہ اجلاس میں سی ڈی اے حکام کو طلب کرلیا۔
شیری رحمٰن نے استفسار کیا کہ نجی ہاؤسنگ سوسائٹی کا واقعہ کس کی ڈومین میں آتا ہے، نجی ہاؤسنگ سوسائٹی نے کس طرح سے تعمیرات کی ہیں جو یہ یہ واقعہ پیش آیا۔
چیئرمین کمیٹی نے آئندہ اجلاس میں نجی ہاؤسنگ سوسائٹی کے نمائندگان کو طلب کرلیا۔












لائیو ٹی وی