خیبرپختونخوا حکومت نے 7 سے 14 اگست تک ہفتہ معرکہ حق اور یوم آزادی منانے کا اعلان کردیا
خیبرپختونخوا حکومت نے یوم آزادی اور ہفتہ معرکہ حق منانے کا اعلان کردیا، 7 اگست سے 14 اگست تک صوبے بھر میں مختلف تقاریب منعقد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
ڈان نیوز کے مطابق خیبرپختونخوا حکومت کی جانب سے 7 سے 14 اگست تک ہفتہ معرکہ حق اور یوم آزادی منایا جائے گا، اس دوران صوبے بھر میں مختلف تقاریب منعقد کی جائیں گی، صوبائی حکومت نے تمام محکموں اور اداروں کے سربراہان کو مراسلہ جاری کر دیا ہے۔
صوبائی حکومت کی جانب سے پورے ہفتے کی سرگرمیوں کی فہرست کی تفصیلات بھی جاری کی گئی ہیں، تقاریب میں ریسکیو 1122 کی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے، مشینری کی نمائش کی جائے گی۔
اس حوالے سے ارسال کیے گئے مراسلے میں ہدایت کی گئی ہے کہ تقاریب کی سیکیورٹی کے لیے پولیس فول پروف انتظامات کرے، ضم اضلاع میں معرکہ حق اور یوم آزادی کی خصوصی تقاریب منعقد کی جائیں۔
مراسلے میں محکمہ بلدیات کو صوبے بھر میں صفائی کی مہم چلانے کی ہدایت کی گئی ہے، بی آر ٹی کے 5 اسٹیشنز کی لائٹننگ یقینی بنانے، شجر کاری مہم بھی چلانے کی ہدایت کی گئی ہے۔
14 اگست کو صبح 7 بج کر 59 منٹ پر سائرن بجا کر صوبے بھر میں ٹریفک کو روک دیا جائے گا، گورنر، وزیراعلیٰ ہاؤس اور تمام ضلعی ہیڈکوارٹرز میں پرچم کشائی کی تقاریب منعقد کی جائیں گی۔












لائیو ٹی وی