• KHI: Clear 25.8°C
  • LHR: Partly Cloudy 19.5°C
  • ISB: Cloudy 16.9°C
  • KHI: Clear 25.8°C
  • LHR: Partly Cloudy 19.5°C
  • ISB: Cloudy 16.9°C

لاہور ہائیکورٹ کی فوجداری مقدمات میں تاخیر دور کرنے کیلئے واٹس ایپ کے استعمال کی سفارش

شائع July 27, 2025
—فائل فوٹو: ڈان
—فائل فوٹو: ڈان

لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس محمد امجد رفیق نے فوجداری نظامِ انصاف میں رابطے کے طریقوں کو جدید بنانے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق ایک فیصلے میں جسٹس محمد امجد رفیق نے استغاثہ کے ریکارڈ سنبھالنے میں پائی جانے والی خامیوں کی نشاندہی کی اور عمل کو بہتر بنانے کے لیے واٹس ایپ کے استعمال کی تجویز دی۔

انہوں نے کہا کہ مقدمات کا ریکارڈ استغاثہ کو تاخیر سے فراہم کیے جانے سے عدالتی وقت ضائع ہوتا ہے۔

یہ مشاہدہ انہوں نے ایک بعد از گرفتاری ضمانت کی درخواست کی سماعت کے دوران کیا، جب ایک خاتون ڈپٹی پراسیکیوٹر جنرل کو عدالت کے سوالات کے جوابات کے لیے ریکارڈ کو عجلت میں اکٹھا کرتے دیکھا گیا۔

عدالت کے استفسار پر پراسیکیوٹر نے بتایا کہ مقدمے کا ریکارڈ انہیں عدالت میں ہی دیا گیا ہے۔

عدالتی وقت کے ضیاع اور اس جواب پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے، جسٹس محمد امجد رفیق نے پراسیکیوٹر جنرل پنجاب کو عدالت طلب کرلیا۔

انہوں نے کاغذی ریکارڈ کی ترسیل کے بجائے دستاویزات کو الیکٹرانک ذرائع سے شیئر نہ کرنے کے معمول پر تنقید کی۔

اس مسئلے کے حل کے لیے جسٹس محمد امجد رفیق نے پراسیکیوٹر جنرل پنجاب کو ہدایت کی کہ وہ پولیس افسران کو پابند کریں کہ وہ سماعت سے کم از کم ایک روز قبل مقدمات کی تفصیلی رپورٹیں اور پیش رفت سے متعلق معلومات واٹس ایپ یا کسی اور منظور شدہ الیکٹرانک پلیٹ فارم کے ذریعے پراسیکیوٹرز کو فراہم کریں۔

انہوں نے مزید ہدایت دی کہ پولیس افسران کے واٹس ایپ نمبرز حاصل کرنے کا طریقہ کار بھی مرتب کیا جائے، جو ریکارڈ عدالت میں پیش کرنے کے ذمہ دار ہوں، تاکہ استغاثہ کے ساتھ بروقت اور مؤثر رابطہ ممکن بنایا جا سکے۔

جج نے کہا کہ یہ طریقہ کار عدالتی وقت کو بچانے اور استغاثہ کی کارکردگی کو بہتر بنانے میں مدد دے گا۔

جسٹس محمد امجد رفیق نے اس بات پر بھی زور دیا کہ پراسیکیوٹرز کو پنجاب کریمنل پراسیکیوشن سروس ایکٹ 2006 کے تحت عوامی مفاد میں آزادانہ طور پر اپنے اختیارات کا استعمال کرنا چاہیے۔

انہوں نے اس امر پر بھی زور دیا کہ اگر ان ہدایات پر عملدرآمد میں کوئی کوتاہی کی گئی تو متعلقہ افراد کے خلاف تادیبی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

کارٹون

کارٹون : 13 دسمبر 2025
کارٹون : 12 دسمبر 2025