• KHI: Partly Cloudy 21.4°C
  • LHR: Partly Cloudy 14.5°C
  • ISB: Cloudy 12.9°C
  • KHI: Partly Cloudy 21.4°C
  • LHR: Partly Cloudy 14.5°C
  • ISB: Cloudy 12.9°C

طوفان نے ایک دن میں چین کے شہر پر سال بھر کی بارش برسا دی

شائع July 27, 2025
— فائل فوٹو: رائٹرز
— فائل فوٹو: رائٹرز

بیجنگ میں ہفتے کے روز شدید بارشوں کے بعد لینڈ سلائیڈنگ اور کیچڑ کے تودے گرنے جیسے ارضیاتی خطرات کے حوالے سے انتباہ جاری کیا گیا، جب کہ شمالی چین میں طوفانوں نے باؤڈنگ شہر کے آس پاس ایک بار پھر سال بھر کی اوسط بارش کا دہرا مقدار برسایا۔

ڈان اخبار میں شائع خبر رساں ادارے رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق چین کے دارالحکومت بیجنگ میں شدید بارش کے بعد زمینی تباہ کاریوں، بشمول زمین کھسکنے اور مٹی کے تودے گرنے کے خدشے کی وارننگ جاری کی گئی، شمالی چین میں گردش کرتے طوفانوں نے لگاتار دوسرے دن قریبی شہر باؤڈِنگ پر ایک سال کے برابر بارش برسائی۔

بیجنگ کی موسمیاتی ایجنسی نے شہر کے 16 میں سے 10 اضلاع کے لیے انتباہ جاری کیا، جب کہ مقامی حکام نے پہاڑی علاقوں میں اچانک سیلاب کے خدشے سے بھی آگاہ کیا ہے۔

بیجنگ کے پڑوسی صوبے ہیبی کے صنعتی شہر باؤڈنگ کے علاقے فوپنگ میں رات بھر جاری شدید بارش نے ریکارڈ توڑ دیے، چینی سرکاری نشریاتی ادارے سی سی ٹی وی کے مطابق فوپنگ کے ژیژوانگ اسٹیشن پر بارش کی شدت 145 ملی میٹر فی گھنٹہ ریکارڈ کی گئی، جب کہ صرف 8 گھنٹوں میں 540 ملی میٹر بارش ہوئی، جو باؤڈنگ کی سالانہ اوسط بارش (500 ملی میٹر) سے بھی زیادہ ہے۔

اس سے ایک دن قبل بھی باؤڈنگ کے علاقے ژی میں اسی سطح کی طوفانی بارش دیکھی گئی تھی۔

سی سی ٹی وی کے مطابق ان طوفانی بارشوں نے 46 ہزار سے زائد افراد کو متاثر کیا اور کم از کم 4 ہزار 655 افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنا پڑا۔

شمالی چین میں گزشتہ چند برسوں میں بارش کے ریکارڈ ٹوٹتے جا رہے ہیں، جس سے بیجنگ جیسے گنجان آباد شہر شدید سیلاب کے خطرات سے دوچار ہو گئے ہیں، ماہرین موسمیات اس غیر معمولی بارش کو عالمی حدت سے جوڑ رہے ہیں۔

چین کی وزارت آبی وسائل نے بیجنگ، ہیبی اور دیگر 11 صوبوں و علاقوں میں درمیانے اور چھوٹے دریاؤں کے طغیانی کے ساتھ ساتھ پہاڑی علاقوں سے آنے والے اچانک سیلابوں سے خبردار کیا ہے۔

حکام نے خبردار کیا ہے کہ آبی ذخائر (ریزروائرز) اور مٹی کے بند (سِلٹ ڈیمز) کو سیلاب کے دوران محفوظ بنانا بھی نہایت ضروری ہے۔

ملک بھر میں شدید بارشوں کے باعث سات صوبوں میں 13 دریا خطرے کی سطح سے 1.4 میٹر (4.6 فٹ) بلند ہو چکے ہیں۔ ان میں سے کچھ دریاؤں میں، جیسے اندرونی منگولیا کا داہی دریا اور شانشی کا یانہے دریا، میں سیلاب کی شدت تاریخ میں پہلی بار اتنی بلند ریکارڈ ہوئی ہے۔

یہ بارشیں مشرقی ایشیائی مون سون کے نتیجے میں ہونے والے اس بڑے ماحولیاتی نظام کا حصہ ہیں جس نے چین بھر میں شدید موسمیاتی تبدیلیاں پیدا کی ہیں، اور دنیا کی دوسری بڑی معیشت کو متاثر کر رہی ہیں۔

ادھر شمال مشرقی صوبے جیلن میں 2 چھوٹے ڈیم معمول سے زیادہ پانی ذخیرہ کر رہے ہیں، جب کہ وہاں کے دریا کی سطح میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے، حکام نے 5 بڑے ڈیمز کو فعال کر دیا ہے تاکہ اضافی پانی کو خارج کیا جا سکے۔

شدید بارش اور سیلابی صورتحال چینی حکام کی خصوصی توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہے، کیونکہ یہ نہ صرف پرانے انفرااسٹرکچر کو چیلنج کر رہی ہے بلکہ لاکھوں افراد کی نقل مکانی اور 2 ہزار 800 ارب ڈالر مالیت کے زرعی شعبے کو بھی سنگین خطرات لاحق ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 13 دسمبر 2025
کارٹون : 12 دسمبر 2025