• KHI: Clear 21.5°C
  • LHR: Partly Cloudy 14.7°C
  • ISB: Partly Cloudy 11.1°C
  • KHI: Clear 21.5°C
  • LHR: Partly Cloudy 14.7°C
  • ISB: Partly Cloudy 11.1°C

وادی تیراہ میں فائرنگ کے واقعے کی انکوائری ہو رہی ہے، گورنر خیبرپختونخوا

شائع July 28, 2025
فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ پہلے صوبائی حکومت پہلے اختلافات ختم کرے، پھر دہشتگردی کیخلاف لڑے۔
—فائل فوٹو: پاکستان ٹوڈے
فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ پہلے صوبائی حکومت پہلے اختلافات ختم کرے، پھر دہشتگردی کیخلاف لڑے۔ —فائل فوٹو: پاکستان ٹوڈے

گورنر خیبر پختونخوا (کے پی) فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ وادی تیراہ میں فائرنگ کے واقعے کی انکوائری ہو رہی ہے، وزیراعلیٰ کے پی کو چاہیے کے دیگر جگہوں کے شہدا کے لیے بھی مالی امداد کا اعلان کریں۔

ڈان نیوز کے مطابق گورنر کے پی نے گورنر ہاؤس پشاور میں میڈیا سے گفتگو کے دوران کہا کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) پہلے آپس کے اختلافات ختم کرے، پھر احتجاج کرے، جب صوبے کا وزیراعلیٰ بھتہ دیتا ہو تو باقی صوبے کا اللہ ہی حافظ ہے، پی ٹی آئی اب گلی کوچوں تک محدود ہوگئی ہے۔

گورنر فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ پی ٹی آئی پہلے صوبے کے وسائل پر احتجاج کرتی تھی، میں نے آل پارٹیز کانفرنس (اے پی سی) بلائی تھی، جس میں سب آئے تھے، صرف تحریک انتشار موجود نہیں تھی۔

انہوں نے کہا کہ حکومتیں اے پی سی نہیں بلاتیں، بلکہ ایکشن لیتی ہیں، پہلے حکومت اپنے اختلافات ختم کرے پھر دہشت گردی کے خلاف لڑے۔

انہوں نے کہا کہ جب ایک صوبے کا وزیراعلیٰ بھتہ دیتا ہو تو باقی صوبے کا اللہ ہی حافظ ہے، ان کا کام صرف لوٹ مار کرنا ہے۔

یاد رہے کہ آج خیبر پختونخوا حکومت نے تیراہ واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے جاں بحق افراد کے لواحقین کے لیے ایک کروڑ روپے جبکہ زخمیوں کے لیے 25 لاکھ روپے مالی امداد کا اعلان کیا تھا۔

وزیر اعلیٰ کے مشیر اطلاعات بیرسٹر ڈاکٹر سیف کے بیان میں کہا گیا تھا کہ وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور خود واقعے کی نگرانی کر رہے ہیں اور مسلسل متعلقہ انتظامیہ سے رابطے میں ہیں۔

بیرسٹر ڈاکٹر سیف کے مطابق وزیراعلیٰ نے قبائلی عمائدین کا جرگہ پشاور طلب کیا ہے، جس میں عمائدین کے تحفظات سنے جائیں گے، انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا حکومت واقعے پر نہایت افسردہ ہے اور متاثرہ خاندانوں کے ساتھ غم کی اس گھڑی میں مکمل یکجہتی کا اظہار کرتی ہے۔

کارٹون

کارٹون : 21 دسمبر 2025
کارٹون : 20 دسمبر 2025