• KHI: Partly Cloudy 22.2°C
  • LHR: Partly Cloudy 15.3°C
  • ISB: Cloudy 13.2°C
  • KHI: Partly Cloudy 22.2°C
  • LHR: Partly Cloudy 15.3°C
  • ISB: Cloudy 13.2°C

سکھر: ڈاکوؤں کی گھر میں لوٹ مار ، تاجر کو چھت سے نیچے پھینک کر جان لے لی

شائع July 29, 2025
تاجر بلاول بھٹی کی چیخیں سن کر اہل محلہ مدد کو دوڑے، مگر ڈاکو فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے — فوٹو: اسکرین گریب/ فیس بک
تاجر بلاول بھٹی کی چیخیں سن کر اہل محلہ مدد کو دوڑے، مگر ڈاکو فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے — فوٹو: اسکرین گریب/ فیس بک

سندھ کے ضلع سکھر کی تحصیل روہڑی کی رضوان کالونی میں 4 مسلح ڈاکو معروف تاجر کے گھر میں داخل ہوئے، وہاں موجود جوڑے پر قابو پاکر انہیں زدوکوب کیا اور بعد میں تاجر کو چھت سے نیچے پھینک دیا، جس کے نتیجے میں تاجر بلاول بھٹی کی موت واقع ہوگئی۔

ڈان اخبار میں شائع رپورٹ کے مطابق یہ واقعہ اتوار اور پیر کی درمیانی شب پیش آیا، یہ علاقہ سندھ کے وزیر توانائی و منصوبہ بندی سید ناصر حسین شاہ کی رہائش گاہ کے قریب ہے، جب کہ متاثرہ گھر بلاول بھٹی کا ہے۔

ڈاکو آرام سے نقدی اور قیمتی اشیا جمع کر کے فرار ہو گئے، جب کہ تاجر کی بیوی کو شدید صدمے کی حالت میں چھوڑ گئے۔

بتایا گیا ہے کہ ڈاکوؤں نے جوڑے کو قابو میں کر لیا تھا اور نقدی و قیمتی سامان جمع کر رہے تھے، لیکن جب بلاول بھٹی نے مزاحمت کرنے کی کوشش کی تو ڈاکو مشتعل ہو گئے اور دونوں کو مارنا شروع کر دیا، پھر انہوں نے بلاول بھٹی کو چھت پر کھلے علاقے میں لے جا کر نیچے پھینک دیا۔

تاجر کو شدید چوٹیں آئیں اور وہ تھوڑی دیر بعد دم توڑ گئے۔

بلاول بھٹی کی چیخیں سن کر محلے کے رہائشی گھروں سے باہر نکل آئے اور مدد کو دوڑے، مگر ڈاکو فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔

تاجر بلاول بھٹی کو قریبی ہسپتال لے جایا گیا، لیکن وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسے۔

’ایک ڈاکو مقابلے میں ہلاک‘

واقعے کی تفصیلات جمع کرنے کے لیے پولیس کی بھاری نفری جائے وقوع پر پہنچی، ڈاکوؤں کا پیچھا کرنے کے لیے ایک پولیس ٹیم روانہ کی گئی۔

پولیس کے مطابق ڈاکوؤں کو جاڑا مَہ علاقے میں دیکھا گیا اور انہیں للکارا گیا۔

ڈاکوؤں نے اہلکاروں پر فائرنگ کر دی جس پر پولیس سے مقابلہ ہوا، پولیس نے بتایا کہ مقابلے میں ایک ڈاکو مارا گیا، جبکہ اس کے ساتھی فرار ہو گئے۔

پولیس کے مطابق مارے گئے ڈاکو کی شناخت حب دار شیخ کے نام سے کی گئی، ہلاک ڈاکو سے ایک ٹی ٹی پستول برآمد ہوا ہے۔

دریں اثنا، سکھر کے ایس ایس پی اظہر خان مغل نے روہڑی اور منڈو ڈیرو کے ڈی ایس پیز اور مقامی سی آئی اے آفس انچارج پر مشتمل ایک ٹیم تشکیل دی، تاکہ فرار ہونے والے ڈاکوؤں کی تلاش کی جا سکے۔

یہ ٹیم مختلف مشتبہ ٹھکانوں پر چھاپے مار رہی ہے اور کئی افراد کو تفتیش کے لیے حراست میں لیا گیا ہے۔

تاہم پیر کی شام تک باقی ڈاکو گرفتار نہیں ہو سکے تھے۔

کارٹون

کارٹون : 13 دسمبر 2025
کارٹون : 12 دسمبر 2025