افغانستان ورلڈ کپ تک براہ راست رسائی کیلیے پرعزم

شائع September 30, 2013

افغانستان کی کرکٹ ٹیم کو 2015 کے ورلڈ کپ تک براہ راست رسائی کے لیے کینیا کے خلاف دونوں میچز میں فتح درکار ہے۔ فائل فوٹو اے ایف پی

دبئی: افغان کرکٹ ٹیم کے کوچ کبیر خان نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ ان کی ٹیم کینیا کے خلاف بدھ اور جمعے کو شارجہ میں ہونے والے میچز جیت کر ورلڈ کپ تک براہ راست رسائی کے حاصل کر لے گی۔

پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق فاسٹ باؤلر نے کہا کہ ہمارے لیے ورلڈ کپ تک براہ راست رسائی انتہائی اہمیت کی حامل ہے کیونکہ بصورت دیگر میری ٹیم پر ایک اور کوالیفائنگ راؤنڈ کھیلنے کا اضافی دباؤ ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ ہم 2015 میں آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ میں ہونے والے عالمی کپ میں براہ رسائی حاصل کر کے ایونٹ کے لیے تیاریاں شروع کرنا چاہتے ہیں۔

سابق فاسٹ باؤلر نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ ان کی ٹیم کینیا کے خلاف مارو یا مر جاؤ کے حامل اس میچ میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرے گی جہاں ابتدائی آٹھ میچوں میں محض تین کامیابیوں کے باوجود ان کی ٹیم اب تک ہونے والے میچز میں دباؤ کو اچھی طریقے سے جھیلنے میں کامیاب رہی ہے۔

خان نے کہا کہ جب میں نے 18 ماہ پہلے اس ٹیم کو جوائن کیا تو مجھے اس بات کا علم تھا کہ ہمیں ورلڈ کپ تک براہ راست رسائی کے لیے تمام میچز جیتنا ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ ہم پر شروع سے ہی دباؤ ہے اور اب ٹیم اس کی عادی ہو چکی ہے۔

افغانستان کی ٹیم کے آٹھ ملکی ورلڈ کرکٹ لیگ کے 12 میچز میں 15 پوائنٹس ہیں جہاں آئرلینڈ کی ٹیم 24 پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست ہے اور عالمی ایونٹ کے لیے کوالیفائی کر چکی ہے۔

اب افغانستان کا آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ میں ہونے والے ایونٹ تک براہ راست رسائی کے لیے 18 پوائنٹس کی حامل متحدہ عرب امارات کی ٹیم سے مقابلہ ہے جہاں دو سرفہرست ٹیمیں ہی ٹورنامنٹ کے لیے براہ راست رسائی کی اہل ہیں۔

متحدہ عرب امارات کی ٹیم نے اتوار کو اپنے آخری گروپ میچ میں نمیبیا کو 135 رنز سے شکست دے کر اپنے پوائنٹس کی تعداد 18 کرنے کے ساتھ ساتھ دوسری پوزیشن بھی حاصل کر لی تھی۔

یو اے ای کی فتح کے ساتھ ہی اٹھارہ پوائنٹس کی حامل ہالینڈ کی ٹیم خراب رن ریت کے باعث عالمی کپ میں براہ رسائی کے حق سے محروم ہو گئی ہے۔

اب افغانستان کو ورلڈ کپ میں ڈائریکٹ رسائی کے لیے دو اور چار اکتوبر کو کینیا کے خلاف ہونے والے دونوں میچز جیتنا ہوں گے بصورت دیگر یو اے ای کی ٹیم کولیفائی کر جائے گی۔

کارٹون

کارٹون : 29 جون 2025
کارٹون : 28 جون 2025