کراچی: گلستانِ جوہر میں موٹر سائیکل سوار ملزمان کی فائرنگ سے پراپرٹی ڈیلر ہلاک
کراچی کے علاقے گلستان جوہر میں پراپرٹی ڈیلر کو گولیاں مار کرقتل کر دیا گیا۔
ڈان اخبار میں شائع خبر کے مطابق پولیس نے بتایا کہ 29 سالہ محمد ارشد ہفتے کی شام گلستان جوہر میں کار میں کہیں جا رہا تھا، جب موٹر سائیکل پر سوار مسلح افراد نے انہیں کانٹینینٹل بیکری کے قریب بلاک 15 میں روک کر گاڑی پر فائرنگ کر دی اور فرار ہو گئے۔
متعدد گولیاں لگنے کے باعث محمد ارشد موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا، جس کے بعد لاش کو قانونی کارروائی کے لیے جناح پوسٹ گریجویٹ میڈیکل سینٹر ( جے پی ایم سی) منتقل کر دیا گیا۔
پولیس افسر کے مطابق یہ واقعہ ٹارگٹ کلنگ معلوم ہوتا ہے، تاہم قتل کے محرکات کی تفتیش جاری ہے۔
اورنگی میں ضمانت پر رہا ملزم نے رشتہ دار کو قتل کر دیا
حال ہی میں قتل کے مقدمے میں ضمانت پر جیل سے رہا ہو کر آنے والے ملزم نے ہفتے کے روز اورنگی ٹاؤن میں اپنے رشتہ دار کو گولی مار کر ہلاک اور ایک دوسرے شخص کو زخمی کر دیا۔
مومن آباد کے اسٹیشن ہاؤس آفیسر (ایس ایچ او) معراج انور نے ’ڈان‘ کو بتایا کہ ملزم کی شناخت طاہر کے نام سے ہوئی ہے، جسے گرفتار کر لیا گیا ہے اور واردات میں استعمال ہونے والا پستول بھی برآمد کر لیا گیا ہے۔
انہوں نے مقتول کی شناخت 40 سالہ عدنان انور، اور زخمی کی شناخت 35 سالہ وقار علی کے طور پر کی۔
ایس ایچ او نے بتایا کہ ملزم نے اپنے رشتے دار سے رقم کا مطالبہ کیا، اور انکار پر فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں عدنان ہلاک اور وقار زخمی ہو گیا۔
انہوں نے بتایا کہ گرفتار ملزم نے 2020 میں اورنگی میں ایک شخص کو قتل کیا تھا، جس پر اسے گرفتار کر کے مقدمہ درج کیا گیا، تاہم، وہ تقریباً 2 ہفتے قبل ضمانت پر رہا ہو گیا تھا۔












لائیو ٹی وی