پاکستان کی آئرلینڈ کے خلاف ہوم سیریز 2027 تک مؤخر
پاکستان کی آئرلینڈ کے خلاف ستمبر، اکتوبر 2025 میں شیڈول ہوم سیریز مصروف شیڈول کے باعث 2027 تک مؤخر کر دی گئی ہے۔
کرکٹ ویب سائٹ ’کرک انفو‘ کی رپورٹ کے مطابق وائٹ بال سیریز میں 3 ٹی 20 اور 3 ہی ایک روزہ میچز کھیلے جانے تھے، دونوں کرکٹ بورڈ کی جانب سے رواں سیزن میں ہی سیریز کو شیڈول کرنے میں مشکلات کے باعث میچز کو 2 برس تک مؤخر کیا گیا۔
اس سیریز کا اعلان مئی 2024 میں کیا گیا اور آئرلینڈ کی مینز کرکٹ ٹیم کا پاکستان کا یہ پہلا دورہ ہونا تھا۔
قومی وائٹ بال کرکٹ ٹیم کا آئندہ کچھ ماہ تک مصروف ترین شیڈول رہے گا، پاکستان ٹیم اس وقت ویسٹ انڈیز کے خلاف وائٹ بال سیریز کھیل رہی ہے، اسی ماہ کے اختتام پر پاکستان ٹیم، متحدہ عرب امارات اور افغانستان کے ساتھ 3 ملکی سیریز کھیلی گی۔
جس کے بعد پاکستان کرکٹ ٹیم ایشیا کپ کے میگا ایونٹ میں شرکت کرے گی، ایشیا کپ 9 سے 28 ستمبر تک متحدہ عرب امارات میں کھیلا جائے گا، بعد ازاں جنوبی افریقہ کی ٹیم اکتوبر کے آغاز میں 2 ٹیسٹ میچز کے لیے دورہِ پاکستان کرے گی ، جس کی وجہ سے آئرلینڈ کیخلاف سیریز کھیلنے کا امکان ختم ہو گیاہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے شعبہ انٹرنیشنل کرکٹ نے کرک انفو کو بتایا کہ قومی کرکٹ ٹیم کا ایشیا کپ 2025 اور ورلڈ کپ 2026 سے قبل کافی مصروف شیڈول ہے، لہذا اس سیریز کو مؤخر کرنا بہتر فیصلہ تھا۔
رواں سیزن میں پاکستان کا وائٹ بال کرکٹ کا شیڈول انتہائی مصروف ہے، خاص طور پر اگلے سال کے آغاز میں ہونے والے ٹی 20 ورلڈ کپ کی تیاری کے پیش نظر، پی سی بی نے پہلے ہی بنگلہ دیش کے خلاف ہوم سیریز میں ون ڈے میچز کم کرکے صرف ٹی 20 میچز کھیلنے کا فیصلہ کیا تھا، تاہم بعد میں شیڈولنگ وجوہات کی بنیاد پر وہ سیریز مکمل طور پر ختم کر دی گئی۔
اسی طرح پاکستان کرکٹ بورڈ ویسٹ انڈیز کے خلاف موجودہ سیریز کو بھی صرف ٹی 20 پر مشتمل کرنے کا خواہاں تھا، تاہم کچھ وجوہات کی بنیاد پر ایسا ممکن نہ ہو سکا۔
اس کے علاوہ پاکستان کی افغانستان کے خلاف شیڈول ٹی 20 سیریز کو سہ فریقی سیریز میں تبدیل کر دیا گیا ہے، جس سے مختصر فارمیٹ کے مزید میچز شامل ہو گئے ہیں۔
کرک انفو کے مطابق آئرلینڈ کی ٹیم کے شیڈول میں ستمبر اور اکتوبر 2025 کے دوران میچ شامل نہیں ہیں، تاہم یہ فیصلہ دونوں کرکٹ بورڈز نے باہمی رضامندی سے کیا ہے۔












لائیو ٹی وی