چارسدہ: علی امین گنڈاپور نے محمد سدیس کو امتحان میں شاندار کارکردگی پر نقد انعام اور لیپ ٹاپ دے دیا
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور نے چارسدہ کے ہونہار طالب علم محمد سدیس کو میٹرک امتحان میں شاندار کارکردگی پر نقد انعام اور لیپ ٹاپ کا تحفہ دے دیا۔
وزیر اعلی خیبر پختونخوا کے پریس سیکریٹری کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ چارسدہ کے ہونہار طالب علم محمد سدیس کی میٹرک امتحانات میں شاندار کارکردگی پر وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کی طرف سے بھر پور حوصلہ افزائی کی گئی۔
اعلامیے کے مطابق وزیر اعلی نے محمد سدیس کو نقد انعام اور لیپ ٹاپ کا تحفہ دیا، دونوں ہاتھوں اور ایک پاؤں سے معذور محمد سدیس نے پشاور تعلیمی بورڈ کے تحت حالیہ میٹرک امتحانات اچھے نمبروں سے پاس کیا۔
یاد رہے کہ وزیر اعلی خیبرپختونخوا اعلی امین گنڈاپور نے گزشتہ روز محمد سدیس کی حوصلہ افزائی کے لیے انہیں وزیر اعلیٰ ہاؤس مدعو کیا تھا، علی امین گنڈاپور نے محمد سدیس کو ان کی شاندار کارکردگی پر نقد انعام دیا۔
وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور نے محمد سدیس کے تعلیمی اخراجات کے لیے انہیں سکالرشپ دینے کا اعلان کیا۔
اس موقع پر وزیر اعلی نے محمد سدیس کو لیپ ٹاپ دینے کا بھی اعلان کیا تھا، ڈپٹی کمشنر چارسدہ نے وزیر اعلی کی طرف سے لیپ ٹاپ محمد سدیس کے حوالے کر دیا، حوصلہ افزائی پر محمد سدیس نے وزیر اعلی علی امین کا شکریہ ادا کیا۔
علی امین گنڈاپور کا کہنا تھا کہ موجودہ صوبائی حکومت ایسے با صلاحیت طلبہ کی بھر پور حوصلہ افزائی کا سلسلہ جاری رکھے گی، محمد سدیس معاشرے کے تمام خصوصی افراد کے لیے رول ماڈل ہے۔
محمد سدیس نے ثابت کیا کہ اگر حوصلے اور عزم بلند ہوں تو معذوری کامیابی کی راہ پر روکاوٹ نہیں بن سکتی۔












لائیو ٹی وی