خیبرپختونخوا: بٹ گرام میں چچا نے غیرت کے نام پر بھتیجی کو قتل کر دیا
خیبرپختونخوا کے ضلع بٹ گرام میں ایک شخص نے مبینہ طور پر غیرت کے نام پر اپنی بھتیجی کو قتل کر دیا۔
ڈان اخبار میں شائع رپورٹ کے مطابق پولیس کا کہنا ہے کہ مبینہ قاتل نے خود کو پولیس کے حوالے کر دیا اور واقعے کی تفصیلات بیان کیں۔
ملزم نے دعویٰ کیا کہ وہ گزشتہ 2 دن سے خواگرائی کالونی میں اپنے بھائی کے گھر مہمان کے طور پر ٹھہرا ہوا تھا۔
ملزم نے بتایا کہ وقوعہ کی رات، جب میرا بھائی نوشہرہ اجمیرا کے علاقے میں پولٹری فارم پر تھا، تو مجھے گھر کی دیکھ بھال کی ذمہ داری دی گئی تھی، میں ایک کمرے میں سو رہا تھا جب کہ میری 16 سالہ بھتیجی اپنی والدہ اور سوتیلی ماں کے ساتھ دوسرے کمرے میں سو رہی تھی۔
مقتولہ کے ملزم چچا نے بتایا کہ رات تقریباً 2 بجے، میں نے مرکزی دروازہ کھلنے کی آواز سنی جس سے میری آنکھ کھل گئی، میں نے دیکھا کہ میری بھتیجی 3 افراد کے ساتھ گھر سے نکل رہی تھی، تو میں نے ان کا پیچھا کیا اور اپنی بھتیجی پر پستول سے فائرنگ کر دی۔
اس نے کہا کہ فائرنگ کے نتیجے میں اس کی بھتیجی موقع پر ہی جاں بحق ہو گئی، جب کہ ایک لڑکا زخمی ہوا، باقی 2 افراد موقع سے فرار ہو گئے۔
پولیس نے مبینہ قاتل کے خلاف تعزیراتِ پاکستان کی دفعات 302، 324، 311 اور 15 اے اے کے تحت مقدمہ درج کر لیا اور واردات میں استعمال ہونے والی رائفل اور پستول برآمد کر لی ہے۔












لائیو ٹی وی