• KHI: Partly Cloudy 18.8°C
  • LHR: Cloudy 11.8°C
  • ISB: Rain 13.5°C
  • KHI: Partly Cloudy 18.8°C
  • LHR: Cloudy 11.8°C
  • ISB: Rain 13.5°C

راولپنڈی: بارش کے باعث چھت گرنے سےجواں سال لڑکی جاں بحق

شائع August 5, 2025
فوٹو: ڈان نیوز
فوٹو: ڈان نیوز
فوٹو: ڈان نیوز
فوٹو: ڈان نیوز

راولپنڈی میں شدید بارش کے باعث چھت گرنے سے 17 سالہ لڑکی جاں بحق جبکہ تین افراد زخمی ہوگئے۔

ریسکیو حکام کے مطابق منگل کی صبح راولپنڈی میں یہ افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں شدید بارش کے باعث چھت گرنے سے 17 سالہ لڑکی جاں بحق جبکہ اس کے خاندان کے تین دیگر افراد زخمی ہو گئے۔

واضح رہے کہ جون کے آخر سے شروع ہونے والی مون سون بارشوں نے ملک بھر میں تباہی مچا رکھی ہے، جن کے باعث تباہ کُن سیلاب، لینڈ سلائیڈنگ کے واقعات سامنے آئے ہیں۔

شدید بارشوں اور سیلاب سے نشیبی علاقے زیادہ متاثر ہوئے ہیں، اور یہاں چھت گرنے کے واقعات خاص طور پر عام ہیں، کیونکہ بہت سے کچے مکانات شدید بارش کا دباؤ برداشت نہیں کر پاتے۔

ریسکیو 1122 کے مطابق چھت گرنے کا واقعہ تحصیل گوجر خان کے دولتالہ روڈ پر پیش آیا، متاثرہ خاندان کے ایک پڑوسی نے بتایا کہ رات تقریباً 1:30 بجے ان کے گھر کی اطراف کی دیواریں گر گئیں اور چھت ان کے اوپر آگری جبکہ سب سو رہے تھے۔

پڑوسی کے مطابق’ جیسے ہی اطلاع ملی، محلے کے تمام لوگ مدد کے لیے پہنچ گئے’ اور متاثرین کو ملبے سے نکال کر ہسپتال پہنچایا گیا۔

ریسکیو 1122 کے ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر محمد صبغت اللہ نے بتایا کہ چھت گرنے سے ایک 17 سالہ لڑکی شدید زخمی ہوئی اور ہسپتال پہنچنے سے پہلے ہی دم توڑ گئی۔

ریسکیو 1122 نے تصدیق کی کہ’ بدقسمتی سے تمام کوششوں کے باوجود وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسی، اس کی موت کی بنیادی وجہ سر پر لگنے والی شدید چوٹ تھی۔’

انہوں نے مزید بتایا کہ ’ اس کی والدہ اور دو بڑی بہنیں بھی زخمی ہوئیں جنہیں دولتالہ کے رورل ہیلتھ سینٹر منتقل کیا گیا۔’

زخمیوں نے طبی امداد کے بعد واپس آ کر لڑکی کی نماز جنازہ میں شرکت کی۔

پڑوسی نے مزید بتایا کہ خاندان کا سربراہ ایک غریب حجام ہے جو گھر کا واحد کفیل ہے۔

اس بات کی دیگر پڑوسیوں نے بھی تصدیق کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے متاثرہ خاندان کے لیے فوری امدادی پیکیج کا مطالبہ کیا ہے تاکہ وہ اپنے گھر کی دوبارہ تعمیر کر سکیں۔

گوجر خان کے اسسٹنٹ کمشنر سے تبصرے کے لیے رابطہ کیا گیا، تاہم انہوں نے جواب نہیں دیا۔

حالیہ بارشوں کے دوران اطراف کے دیگر علاقوں میں بھی کئی گھروں کی چھتیں گر چکی ہیں، جن میں ناٹا گاؤں میں مویشیوں کی ہلاکتیں بھی رپورٹ ہوئی ہیں۔

جولائی میں لاہور میں بھی ایک چھت گرنے کے واقعے میں ایک شخص جاں بحق اور تین زخمی ہوئے تھے، جب کہ اس بارش نے پنجاب کے دیگر کئی شہروں میں بھی تباہی مچائی تھی۔

31 جولائی کو خیبر پختونخوا کے ضلع لکی مروت میں بارش کے دوران کمرے کی چھت گرنے سے تین افراد جاں بحق ہو گئے تھے، جبکہ بنوں میں بارش کے باعث گھر کی چھت گرنے سے دو افراد زخمی ہوئے تھے۔

کارٹون

کارٹون : 21 دسمبر 2025
کارٹون : 20 دسمبر 2025