کراچی کو پانی فراہم کرنے والی نیو حب کینال کا تعمیراتی کام مکمل کرلیا گیا، میئر کراچی
میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ کراچی کوپانی فراہم کرنے والی نیو حب کینال کا تعمیراتی کام مکمل کرلیا گیا اور پروجیکٹ ڈائریکٹر نے منصوبے کی ناکامی کی افواہیں پھیلانے والوں کو شہرکا دشمن قرار دے دیا۔
ڈان نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے میئرکراچی مرتضی وہاب نے کہا کہ پروجیکٹ ڈائریکٹر سکندر زرداری نے بتایا ہے کہ چند روز قبل نہر میں آزمائشی طور پر پانی چھوڑا گیا تھا جس کے باعث اس کا ایک حصہ بیٹھ گیا تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ آزمائشی پانی چھوڑنے کے بعد نہر کے جس حصے کو نقصان پہنچا تھا، فوری طور پر اس حصے کی بھی مرمت کرلی گئی۔
مرتضیٰ وہاب نے مزید کہا کہ ٹیسٹ کرنے کا مقصد خرابیوں کو دور کرنا ہوتا ہے، نئی کینال سے 22 سال بعد کراچی والوں کو اضافی پانی ملےگا۔
ان کا کہنا تھا کہ حب کینال ٹو کا افتتاح 13 اگست کو بلاول بھٹو زرداری کریں گے، جو لوگ ویڈیو توڑ مروڑ کر میڈیا کو دے رہے ہیں، وہ شہر کے خیرخواہ نہیں ہیں۔
دوسری جانب، پروجیکٹ ڈائریکٹر سکندر زرداری کا کہنا تھا کہ کراچی کوپانی فراہم کرنے والی نیو حب کینال کا تعمیراتی کام مکمل کرلیا گیا ہے اور اس کا ٹیسٹ رن کامیابی سے مکمل کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ نئی کینال کے لیے پرانی لائن سے پانی چھوڑنا تکنیکی عمل تھا، حب کینال کا ٹیسٹ 25 دن قبل کیا گیا تھا، پرانی کینال سے پانی لینے کے لیے کٹ لگایا گیا تھا۔
پروجیکٹ ڈائریکٹر کا کہنا تھا کہ سوشل میڈیا پر منصوبے کی ناکامی کی خبریں بے بنیاد ہیں، حب کینال ٹو کا افتتاح 13 اگست کو ہی ہوگا۔












لائیو ٹی وی