• KHI: Partly Cloudy 22°C
  • LHR: Partly Cloudy 15.8°C
  • ISB: Partly Cloudy 14.8°C
  • KHI: Partly Cloudy 22°C
  • LHR: Partly Cloudy 15.8°C
  • ISB: Partly Cloudy 14.8°C

کراچی: بلدیہ میں ٹرک کی موٹرسائیکل کو ٹکر، 8 سالہ بچی جاں بحق، والد اور دو بہنیں زخمی

شائع August 7, 2025 اپ ڈیٹ August 8, 2025
فائل فوٹو: ڈان نیوز
فائل فوٹو: ڈان نیوز

کراچی کے علاقے بلدیہ میں ٹرک نے موٹرسائیکل سوار والد اور تین بیٹیوں کو ٹکر ماردی، جس کے نتیجے میں 8 سالہ بچی جاں بحق جبکہ اس کا والد اور دو بہنیں زخمی ہوگئیں، جاں بحق ہونے والی بچی کا اسکول میں پہلا دن تھا۔

پولیس اور ریسکیو ذرائع کے مطابق بلدیہ میں یہ ٹرک ڈرائیور کی غفلت اور لاپرواہی ایک ننھی بچی کی جان لے گئی جبکہ اس کا والد اور دو بہنیں زخمی ہوگئیں۔

ڈی آئی جی ساؤتھ سید اسد رضا کے مطابق ایک شخص اپنی تین بیٹیوں کو اسکول سے لے کر موٹر سائیکل پر واپس آ رہا تھا کہ رئیسان گوٹھ کے قریب لکی ہِل کے مقام پر ایک ٹرک نے انہیں ٹکر مار دی، حادثے کے نتیجے میں چاروں افراد زخمی ہو گئے۔

انہیں فوری طور پر ڈاکٹر رتھ فاؤ سول ہسپتال کراچی منتقل کیا گیا جہاں، پولیس سرجن ڈاکٹر سمیہ سید کے مطابق 8 سالہ ایمان دوران علاج دم توڑ گئی۔

جاں بحق ہونے والی بچی کی دو بہنیں، 10 سالہ مریم، 11 سالہ آمنہ اور 55 سالہ والد عبد القادر حادثے میں زخمی ہوگئے، تاہم ان کی حالت خطرے سے باہر بتائی گئی ہے۔

ڈاکٹر سمیہ سید نے لواحقین کے حوالے سے بتایا کہ جاں بحق ہونے والی ننھی ایمان کا اسکول میں یہ پہلا دن تھا۔

ڈی آئی جی اسد رضا کے مطابق حادثے کا ذمہ دار ڈرائیور موقع سے فرار ہو گیا، تاہم ٹرک کو پولیس نے قبضے میں لے لیا ہے۔

ڈاکٹر سمیہ کے مطابق مریم کی دائیں آنکھ پر چوٹ آئی ہے، جبکہ بائیں ٹانگ کی ہڈی ٹوٹ گئی ہے، جبکہ آمنہ کے کانوں پر چوٹیں آئی ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 17 دسمبر 2025
کارٹون : 16 دسمبر 2025