پاکستان ریفائنری لمیٹڈ کا وٹول سے نائجیرین بونی لائٹ تیل درآمد کرنے کا معاہدہ
پاکستان ریفائنری لمیٹڈ (پی آر ایل) ستمبر میں وِٹول سے نائجیرین بونی لائٹ کروڈ آئل کا اپنا پہلا کارگو درآمد کرے گا، کیونکہ ایشیائی ریفائنرز مشرق وسطیٰ کے تیل کے مقابلے میں سستے متبادل کی طرف منتقل ہو رہے ہیں۔
ڈان اخبار میں شائع خبر رساں ایجنسی ’رائٹرز‘ کی رپورٹ کے مطابق ذرائع نے ابھی معلومات عوامی سطح پر دستیاب نہ ہونے کے باعث نام ظاہر کرنے سے انکار کرتے ہوئے بتایا کہ 5 لاکھ بیرل پر مشتمل ہلکے میٹھے کروڈ کارگو کی اس ماہ کے آخر میں لوڈ ہونے اور ستمبر کے آخر تک کراچی پہنچنے کی توقع ہے، تاہم اس تیل کی قیمت فوری طور پر معلوم نہیں ہو سکی۔
وٹول اور پی آر ایل نے فوری طور پر تبصرے کی درخواست کا جواب نہیں دیا۔
یہ خریداری امریکی خام تیل کی درآمد کے لیے پاکستان کے پہلے معاہدے کے بعد ہوئی ہے جس کے تحت سینرجیکو، وٹول کے ہی سپلائی کردہ امریکی تیل کو درآمد کرے گا، جو اکتوبر میں پاکستان پہنچے گا۔
تاہم، دیگر ایشیائی ریفائنرز کے ساتھ ساتھ، پاکستان کی صنعت نے بھی حالیہ مہینوں میں مشرق وسطیٰ سے تیل کی سپلائی مہنگی ہونے کے بعد، یو ایس ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ اور قازق سی پی سی بلینڈ سمیت دیگر جگہوں سے سپلائی میں دلچسپی ظاہر کی ہے۔
کیپلر کے اعداد و شمار کے مطابق 2014 کے اوائل میں، پاکستان نے نائجیرین یوہو کروڈ درآمد کیا تھا، لیکن ملک پہلی بار بونی لائٹ کی خریداری کر رہا ہے، جو زیادہ مقدار میں پیٹرول اور ڈیزل فراہم کرنے کے لیے جانا جاتا ہے۔












لائیو ٹی وی