وزیر اعظم کا وعدہ وفا، ایکنک سے گلگت بلتستان کیلئے 100 میگاواٹ سولر پاور پلانٹ کی منظوری
وزیراعظم شہباز شریف نے گلگت بلتستان کے عوام سے کیا گیا ایک اور وعدہ پورا کردیا، اعلان کے 2 دن کے بعد ہی قومی اقتصادی کونسل (ایکنک) نے گلگت بلتستان کے مختلف مقامات پر 100 میگاواٹ سولر فوٹو وولیٹک پاور پلانٹ کے منصوبے کی منظوری دے دی۔
ڈان نیوز کے مطابق ایکنک کی منظوری کے بعد اس منصوبے پر کام کا باقاعدہ آغاز ہو جائے گا، وزیراعظم نے اپنے حالیہ دورہ گلگت میں منصوبے کا اعلان کیا تھا، منصوبے سے ہسپتالوں اور سرکاری دفاتر کو آف دی گرڈ بجلی دی جائے گی۔
یہ منصوبہ گلگت بلتستان کے مختلف اضلاع میں توانائی کی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔
سینٹرل ڈیولپمنٹ ورکنگ پارٹی نے منصوبے کی منظوری پہلے ہی دے دی ہے، منصوبے سے استور، دیامر، گانچھے، غذر، گلگت، ہنزہ، نگر، اسکردو اور شگر کے اضلاع مستفید ہوں گے۔
پہلے مرحلے میں ضلع اسکردو کو 18.958 میگاواٹ بجلی فراہم کی جائے گی، جب کہ دوسرے مرحلے میں ہنزہ، گلگت اور دیامر کو بجلی فراہم کی جائے گی۔
تیسرے مرحلے میں باقی اضلاع کو 16.096 میگاواٹ بجلی دی جائے گی، ہسپتالوں اور سرکاری دفاتر کو آف دی گرڈ 18.162 میگاواٹ بجلی فراہم کی جائے گی۔
یہ منصوبہ 3 سال کے اندر مکمل ہوگا اور اس کی کل لاگت 2 ارب 49 کروڑ روپے سے زائد ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے حالیہ دورے میں گلگت بلتستان کے لیے اس منصوبے کی جلد منظوری کا اعلان کیا تھا، اور اب اس منصوبے پر کام باقاعدہ شروع کیا جائے گا جو علاقے میں توانائی کے بحران کو کم کرنے میں مددگار ثابت ہوگا۔












لائیو ٹی وی