پی اے اے نے اسلام آباد ایئرپورٹ کی 8 دن کی بندش سے متعلق رپورٹس کو گمراہ کن قرار دیدیا
پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی (پی اے اے) نے اتوار کے روز اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی 8 دن کی بندش سے متعلق ’غلط اور گمراہ کن‘ میڈیا رپورٹس کو مسترد کرتے ہوئے بندش کی درست تاریخ اور وقت واضح کیا ہے۔
پی اے اے کے ترجمان سیف اللہ خان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ اس حوالے سے جاری کردہ نوٹم کے مطابق 14 اگست یوم آزادی سے قبل فضائی سرگرمیوں کی وجہ سے آمد و روانگی کی پروازیں صرف مخصوص دنوں اور اوقات میں 2 گھنٹے کے لیے معطل رہیں گی۔
شیڈول کے مطابق 6 اگست تا 9 اگست اور 11 اگست تا 14 اگست، ایئرپورٹ صبح 11 بجے سے دوپہر 1 بجے تک بند رہے گا۔
9 اگست اور 11 اگست کو ایئرپورٹ رات 8 بجے سے رات 10 بجے تک بھی بند رہے گا۔
بیان میں کہا گیا کہ اس مختصر تعطل کے علاوہ، ایئرپورٹ کی تمام پروازیں معمول کے مطابق جاری رہیں گی اور مسافروں کو مشورہ دیا گیا کہ وہ اپنے شیڈول کے بارے میں تازہ ترین معلومات کے لیے اپنی ایئرلائن سے رابطہ کریں۔
پاکستان اور بھارت کے درمیان چار روزہ کشیدگی کے دوران، پروازوں میں تعطل کے باعث ملک کے بڑے ایئرپورٹس (لاہور، اسلام آباد، کراچی اور سیالکوٹ ایئرپورٹس) پر سیکڑوں مسافر پھنس گئے تھے۔
وزارت دفاع نے جمعہ کو قومی اسمبلی کو آگاہ کیا تھا کہ 24 اپریل سے 30 جون تک ایئرپورٹس کی بندش کے باعث PAA کو 4 ارب 10 کروڑ روپے کا نقصان ہوا۔
پی اے اے نے لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر پرندوں کی سرگرمی کے باعث رن وے کی عارضی بندش کا شیڈول بھی جاری کیا ہے، یہ بندش روزانہ صبح 5 بجے سے صبح 8 بجے تک یکم جولائی سے 15 ستمبر تک نافذ العمل رہے گی۔












لائیو ٹی وی