آذربائیجان کے صدر کا وزیراعظم سے رابطہ، کاراباخ کے معاملے پر پاکستان کی حمایت کو سراہا
آذربائیجان کے صدر الہام علیوف نے وزیراعظم شہباز شریف سے ٹیلی فون پر رابطہ کرکے کارا باغ معاملے پر پاکستان کی حمایت کو سراہا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’ایکس‘ پر جاری کیے گئے اپنے پیغام میں وزیراعظم کا کہنا تھا کہ انہوں نے آذربائیجان کے صدر سے ٹیلی فون پر گفتگو کی اور انہیں آرمینیا کے ساتھ دہائیوں سے جاری تنازع ختم کرکے امن معاہدہ کرنے پر مبارک باد دی۔
ٹیلی فونک گفتگو کے دوران دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعاون کے مثبت انداز پر اطمینان کا اظہار بھی کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے آذربائیجان اور آرمینیا کے درمیان 3 دہائیوں پرانے تنازع کو پُرامن انجام تک پہنچانے اور قفقاز کے علاقے کے لیے خوشحالی کے نئے دور کا آغاز کرنے میں صدر الہام علیوف کے بصیرت انگیز کردار کی تعریف کی۔
شہباز شریف نے اس تاریخی معاہدے کو پورا کرنے پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے کردار کو خاص طور پر سراہا۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستانی عوام اس بنیادی مسئلے پر اپنے آذربائیجانی بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ ہیں اور یہ بات خوش آئند ہے کہ صدر علیوف کی جرات مندانہ قیادت اور مدبرانہ قیادت میں اس خطے میں بالآخر امن قائم ہوگیا۔
صدر علیوف نے کاراباخ کے معاملے پر آذربائیجان کے ساتھ پاکستان کی دیرینہ اور مسلسل حمایت کو سراہا۔
آذربائیجان کے صدر نے وزیراعظم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ خطے میں پُرامن ماحول سے پاکستان اور وسطی ایشیا کے درمیان ترقی اور روابط بڑھانے کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔
لاچن اور خانکنڈی میں حالیہ بات چیت کا ذکر کرتے ہوئے وزیراعظم نے صدر علیوف کو جلد ہی پاکستان کا سرکاری دورہ کرنے کی اپنی دعوت کا اعادہ کیا۔












لائیو ٹی وی