• KHI: Clear 18.7°C
  • LHR: Clear 10.6°C
  • ISB: Partly Cloudy 10.8°C
  • KHI: Clear 18.7°C
  • LHR: Clear 10.6°C
  • ISB: Partly Cloudy 10.8°C

محکمہ موسمیات کی 17 اگست سے ملک بھر میں بارشوں کی پیش گوئی

شائع August 12, 2025
فائل فوٹو: اے پی پی
فائل فوٹو: اے پی پی

محکمہ موسمیات (پی ایم ڈی) نے آئندہ دنوں میں ملک کے بیشتر حصوں میں گرج چمک کے ساتھ تیز بارشوں کی پیش گوئی کردی۔

سرکاری خبر رساں ایجنسی، اے پی پی کے مطابق نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق، جون کے آخر سے پاکستان کے مختلف حصوں میں آنے والے طوفانی سیلاب اور موسلا دھار بارشوں کے نتیجے میں 312 افراد جاں بحق اور 740 زخمی ہو چکے ہیں، جن میں 142 بچے بھی شامل ہیں۔

این ڈی ایم اے کے مطابق 26 جون سے شروع ہونے والے ان سیلابوں نے پورے ملک میں تباہی مچا دی، جاں بحق ہونے والوں میں 113 مرد، 57 خواتین اور 142 بچے شامل ہیں، جبکہ زخمیوں میں 243 بچے، 209 خواتین اور 288 مرد شامل ہیں۔

محکمہ موسمیات کی آج جاری کردہ تازہ ترین ایڈوائزری کے مطابق، بحیرۂ عرب سے آنے والے مون سون کے جھکڑ پاکستان کے بالائی علاقوں میں مسلسل داخل ہو رہے ہیں، جبکہ خلیج بنگال سے آنے والی مرطوب ہوائیں ہفتے کے وسط میں مزید مضبوط ہونے کا امکان ہے۔

ایک مغربی ہوا کا سلسلہ، جو اس وقت خطے کو متاثر کر رہا ہے، 17 اگست سے مزید تیز ہونے کی پیش گوئی ہے۔

ان حالات میں، 14 سے 17 اگست کے دوران اسلام آباد، آزاد جموں و کشمیر، بالائی پنجاب، خیبر پختونخوا اور گلگت بلتستان میں بارش، ہوا اور گرج چمک کے ساتھ کہیں کہیں موسلا دھار بارش متوقع ہے۔

18 سے 21 اگست کے دوران شمالی علاقوں میں، بشمول وادی نیلم ، مظفرآباد، راولا کوٹ، پونچھ اور گلگت بلتستان کے کئی اضلاع میں بارشوں کا سلسلہ جاری رہنے کی توقع ہے۔

18 سے 21 اگست کے دوران خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع، بشمول دیر، سوات، مانسہرہ، ایبٹ آباد، پشاور اور مردان میں وسیع پیمانے پر بارشیں ہوں گی، جن میں کہیں کہیں شدید سے بہت شدید بارش بھی ہو سکتی ہے۔

جنوبی اضلاع، بشمول بنوں، لکی مروت، وزیرستان، ٹانک اور ڈیرہ اسماعیل خان میں بھی وقفے وقفے سے بارش کے ساتھ کہیں کہیں تیز بارش کے امکانات ہیں۔

پنجاب میں، بشمول اسلام آباد/راولپنڈی، مری، گلیات، لاہور، گوجرانوالہ، سیالکوٹ اور فیصل آباد میں 18 سے 21 اگست کے دوران موسلا دھار بارشیں ہوں گی، جبکہ جنوبی اضلاع میں کہیں کہیں ہلکی سے درمیانی بارش متوقع ہے۔

بلوچستان کے بعض حصے، بشمول بارکھان، ژوب، خضدار، گوادر اور پنجگور، اور سندھ کے کئی اضلاع، بشمول کراچی، حیدرآباد، سکھر، لاڑکانہ اور تھرپارکر میں 18 سے 22 اگست کے دوران بارشیں متوقع ہیں۔

محکمہ موسمیات نے خبردار کیا کہ 15 سے 21 اگست کے دوران خیبر پختونخوا، مری، گلیات، شمال مشرقی پنجاب اور آزاد کشمیر کے مقامی ندی نالوں میں اچانک طغیانی آ سکتی ہے، جبکہ 18 سے 21 اگست کے دوران ڈیرہ غازی خان اور مشرقی بلوچستان میں پہاڑی سلسلوں سے آنے والے ریلوں کا خطرہ ہے۔

اسی مدت میں اسلام آباد/راولپنڈی، گوجرانوالہ، لاہور، سیالکوٹ، پشاور اور نوشہرہ کے نشیبی علاقوں میں اربن فلڈنگ کا خطرہ رہے گا۔

خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان، مری، گلیات اور آزاد کشمیر کے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ اور مٹی کے تودے گرنے سڑکیں بند ہوسکتی ہیں، جبکہ موسلا دھار بارش، تیز آندھی اور بجلی گرنے سے کمزور ڈھانچوں جیسے کچے مکانات کی دیواریں، چھتیں، بجلی کے کھمبے، اشتہاری بورڈز، گاڑیاں اور سولر پینلز کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔

محکمہ موسمیات کی جانب سے عوام، مسافروں اور سیاحوں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ غیر ضروری طور پر حساس علاقوں کا سفر نہ کریں اور تازہ ترین موسمی صورتحال سے باخبر رہیں۔

تمام متعلقہ اداروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے بچنے کے لیے ہائی الرٹ پر رہیں۔

کارٹون

کارٹون : 5 فروری 2026
کارٹون : 4 فروری 2026