13 نئی کمپنیوں کو پاکستان میں تیل کے ذخائر کی تلاش کے ٹھیکے دیے گئے، وزیر پیٹرولیم
وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے قومی اسمبلی کو بتایا ہے کہ 13 نئی کمپنیوں کو پاکستان میں تیل کے ذخائر کی تلاش کے ٹھیکے دیے گئے ہیں۔
قومی اسمبلی کا اجلاس اسپیکر ایاز صادق کی زیر صدارت ہوا، اس دوران پاکستان میں تیل کے ذخائر کے حوالے سے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے بیان پر توجہ دلاؤ نوٹس ایوان میں پیش کیا گیا، توجہ دلاؤ نوٹس پاکستان پیپلز پارٹی کی ڈاکٹر نفیسہ شاہ نے پیش کیا۔
جس پر وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے ایوان کو آگاہ کیا کہ 2024 میں ٹائٹ گیس پالیسی کا ازسر نو جائزہ لیا گیا، پاکستان کے جنوب میں گیس اور تیل کے وسیع ذخائر موجود ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ 13 نئی کمپنیوں کو پاکستان میں تیل کے ذخائر کی تلاش کے ٹھیکے دیے گئے ہیں جبکہ ترکش پیٹرولیم بھی پاکستان میں تیل کے ذخائر کی تلاش پر کام کرنے جا رہی ہے۔
وفاقی وزیر پیٹرولیم نے کہا کہ پاکستان کے تیل کے ذخائر کی تلاش کے لیے بہت سے ممالک کے ساتھ اشتراک جاری ہے، پاکستان کے آج تک جتنے تیل اور گیس کے ذخائر دریافت ہوئے اس سے 10 گنا صلاحیت موجود ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان پر عائد ٹیرف میں کمی کے امریکی فیصلے پر حکومت کی ستائش بنتی ہے۔












لائیو ٹی وی