• KHI: Sunny 19.6°C
  • LHR: Partly Cloudy 11.8°C
  • ISB: Partly Cloudy 16.9°C
  • KHI: Sunny 19.6°C
  • LHR: Partly Cloudy 11.8°C
  • ISB: Partly Cloudy 16.9°C

کم سن بچوں کے آداب سے متعلق زارا نور عباس کی پوسٹ پر بحث چھڑ گئی

شائع August 13, 2025
—فوٹو: انسٹاگرام
—فوٹو: انسٹاگرام

اداکارہ زارا نور عباس کی جانب سے کم سن بچوں کی تربیت اور ماؤں پر کی جانے والی تنقید کے حوالے سے کی جانے والی انسٹاگرام اسٹوریز کے بعد سوشل میڈیا پر بحث چھڑ گئی، بعض افراد نے اداکارہ سے اتفاق جب کہ بعض نے اختلاف کیا۔

انہوں نے انسٹاگرام اسٹوریز میں بتایا کہ ایک ریستوران میں ان کی بیٹی کے خوشی میں چیخنے پر قریب بیٹھی ایک خاتون نے پہلے انہیں گھورا اور بعد ازاں جب بچی نے دوسری بار چیخ ماری تو اسی میز پر موجود دوسرے شخص نے ان کی بچی کو ’چپ‘ کروادیا، جس پر انہیں مداخلت کرنی پڑی۔

زارا نور عباس نے بتایا کہ دوسری میز پر موجود گروپ نے انہیں بتایا کہ ان کی بچی انہیں پریشان کر رہی ہے، انہیں بچی کو ریستوران نہیں لانا چاہیے تھا اور یہ کہ بچی کو بنیادی آداب سکھانے چاہیے تھے۔

اداکارہ نے لکھا کہ انہوں نے گروپ سے پوچھا کہ کیا ان کے اپنے بچے ہیں، جس پر انہوں نے انکار کیا تو انہوں نے انہیں سمجھانے کی کوشش کی کہ بچی جان بوجھ کر یہ نہیں کر رہی اور چھوٹے بچوں کے ساتھ باہر جانا مشکل ہوتا ہے۔

زارا نور عباس کے مطابق ان کے جواب پر گروپ نے ان سے کہا کہ جب بچی چیخے تو انہیں ریستوران سے نکل جانا چاہیے۔

اداکارہ نے بتایا کہ ان کے اور گروپ کے درمیان 15 منٹ تک بحث جاری رہی، جس کے بعد ریستوران کے مینیجر نے آ کر ان سے معافی مانگی اور بالآخر وہ گروپ ریستوران سے چلا گیا۔

زارا نے افسوس کا اظہار کیا کہ ریستوران میں موجود دیگر افراد نے سر گھما کر تو دیکھا لیکن کوئی بھی ان کے حق میں بولنے کے لیے آگے نہیں آیا۔

انہوں نے لکھا کہ ریستوران میں موجود افراد کی لاتعلقی اس بات کی نشاندہی کرتی ہے کہ ہم ایک معاشرے کے طور پر مر چکے ہیں۔

اپنی ایک اور انسٹاگرام اسٹوری میں انہوں نے ان لوگوں کو خبردار کیا جو بچوں کے بغیر ہیں اور فیملی ریستورانز میں کھانا کھاتے ہیں کہ بچے، بچے ہوتے ہیں اور چھوٹے بچے اس سے بھی مشکل ہوتے ہیں، کم سن بچوں کی ماں سے آداب پر بحث نہ کریں کیونکہ اس سے ماں بھی اپنے آداب بھول سکتی ہے۔

اداکارہ کی اسٹوریز کے بعد متعدد سوشل میڈیا پیجز نے ان کی پوسٹ شیئر کی، جہاں صارفین کے درمیان بحث چھڑ گئی، کچھ افراد نے اداکارہ سے اتفاق کیا جب کہ بعض نے ان سے اختلاف کیا اور دلیل دی کہ دوسروں کے سکون کا بھی خیال رکھا جانا چاہیے۔

کارٹون

کارٹون : 17 دسمبر 2025
کارٹون : 16 دسمبر 2025