پشاور: سی ٹی ڈی کی کارروائی، ہائی پروفائل ٹارگٹ کلنگ میں ملوث دہشتگرد گروہ گرفتار
پشاور میں محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) نے کامیاب کارروائی کرتے ہوئے ہائی پروفائل ٹارگٹ کلنگ اور دہشتگردی میں ملوث گروہ کو گرفتار کر لیا۔
ڈان نیوز کے مطابق محکمہ انسداد دہشت گردی نے پشاور میں کارروائی کے دوران مفتی منیر شاکر اور ڈی ایس پی سردار حسین قتل سمیت 18 اہم کیسز میں ملوث دہشتگرد گرفتار کر لیے ہیں۔
سی ٹی ڈی حکام کے مطابق ملزمان 11 مئی پشاور خودکش حملے، مذہبی رہنماؤں اور پولیس اہلکاروں کی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث ہیں۔
حکام کے بتایا کہ گرفتار ملزمان سے اسلحہ و بارودی مواد بھی برآمد کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ رواں برس 15 مارچ کو خیبرپختونخوا کے دارالحکومت پشاور میں تھانہ ارمڑ کی حدود میں مسجد کی دیوار کے قریب آئی ای ڈی دھماکا ہوا تھا، جس کے نتیجے میں مفتی منیر شاکر جاں بحق جبکہ 4 افراد زخمی ہو گئے تھے۔
یاد رہے کہ 14 جنوری 2023 کو کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کے دہشت گردوں نے پشاور کے نواحی علاقے سربند میں تھانے پر رات گئے حملہ کر دیا تھا، اس دوران ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ پولیس (ڈی ایس پی) سردار حسین اور ان کے 2 محافظوں، ارشاد اور جہانزیب نے دہشت گردوں کا بہادری سے مقابلہ کیا تاہم گولیاں لگنے ڈی ایس پی بڈھ بیر سردار حسین اور ان کے 2 گن مین شہید ہو گئے تھے۔












لائیو ٹی وی