گلگت بلتستان: مارخور و دیگر جنگلی جانوروں کی ہنٹنگ سے حاصل 31 کروڑ روپے مختلف کمیونیٹیز میں تقسیم

شائع August 13, 2025
— فائل فوٹو: محکمہ جنگلات و جنگلی حیات گلگت بلتستان
— فائل فوٹو: محکمہ جنگلات و جنگلی حیات گلگت بلتستان

گلگت بلتستان میں ایک سال کے دوران مارخور اور آئی بیکس سمیت دیگر جنگلی جانوروں کی ٹرافی ہنٹنگ سے حاصل ہونے والی 31 کروڑ روپے کی رقم مختلف کمیونیٹیز میں تقسیم کی گئی۔

چیف کنزرویٹر ڈاکٹر ذاکر حسین کے مطابق آئندہ مالی سال میں آمدنی کا 45 کروڑ تک بڑھنے کا امکان ہے، ان کا کہنا تھا کہ نایاب جنگلی جانور مارخور کے شکار کے لیے لائسنس 2 لاکھ امریکی ڈالر تک فروخت ہونے کا امکان ہے۔

ذاکر حسین کے مطابق حاصل ہونے والی ٹرافی ہنٹنگ اسکیم کے آغاز سے اب تک مجموعی طور پر 4 ارب روپے کی آمدنی حاصل ہوئی ہے، جس میں کمیونٹی کو 80 فیصد حصہ دیا جاتا ہے جبکہ 20 فیصد رقم خزانے میں جمع کرائی جاتی ہے۔

کنزرویٹر کے مطابق گلگت بلتستان میں سات نیشنل پارک ہیں جن میں تین زیر تکمیل ہیں، ان کا مزید کہنا تھا کہ پارکس انٹری فیس کی آمدنی میں بھی 75 فیصد حصہ کمیونٹی کے حوالے اور 25 فیصد خزانے میں جمع کرا دیا جاتا ہے۔

ان کا کہنا تھاکہ اس اشتراک سے جنگی جانور اور قدرتی وسائل کے تحفظ میں مدد مل رہی ہے۔

چیف سیکریٹری نے ٹرافی ہنٹنگ کی تقریب میں کمیونٹی کو ٹرافی ہنٹنگ سے حاصل ہونے والی آمدنی کی رقم کے چیکس تقسیم کیے، اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ کنزرویش کو ایک معاشی ماڈل کے طور پر متعارف کروانا ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ کنزرویشن کی کامیابی کمیونٹی کے اعتماد اور شراکت داری سے مشروط ہے۔

یاد رہے گلگت بلتستان میں ہر سال امریکا، روس اور یورپی ممالک کے شہری ٹرافی ہنٹنگ اسکیم کے تحت لائسنس لیکر جنگی جانوروں کا شکار کرتے ہیں۔

مقامی کمیونٹی محکمہ جنگلی حیات سے طے پانے والے معاہدے کے تحت جنگلی جانوروں کے تحفظ کی زمہ دار ہوتی ہے۔

کارٹون

کارٹون : 20 دسمبر 2025
کارٹون : 18 دسمبر 2025