پاک فوج خطرات سے نمٹنے کیلئے تیار، آزادی و خودمختاری پر کبھی سمجھوتہ نہیں کریں گے، فیلڈ مارشل
پاک فوج کے سربراہ فیلڈمارشل عاصم منیر نے یوم آزادی پر تمام اہل پاکستان کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاک فوج کی پیشہ وارانہ مہارت، جنگی تیاری پر مکمل اعتماد ہے، سرحدوں کی حفاظت کے لیے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے، پاک فوج خطرات سے نمٹنے کے لیے پوری طرح تیار ہے اور اپنی آزادی و خود مختاری پر کبھی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف فیلڈ مارشل عاصم منیر نے یوم آزادی پر اپنے خصوصی پیغام میں کہا کہ اپنے بزرگوں، برصغیر کے مسلمانوں کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں، مذہبی اقلیتیں آج بھی ملکی ترقی میں اپنا بھرپور کردار ادا کر رہی ہیں، دہشت گردی کو شکست دینے کے لیے انتہائی بھاری جانی ومالی قیمت ادا کی۔
انہوں نے کہا کہ جدوجہد آزادی سمیت معرکہ حق کے شہدا کو سلام پیش کرتا ہوں، شہدا کی جرات و بہادری، عزم و جذبہ ایمانی کو سلام پیش کرتے ہیں، پاکستان مقبوضہ کشمیر کے مظلوم بھائیوں کی جدوجہد کی مکمل حمایت کرتا ہے۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا کہ کشمیریوں کو ان کا حق خود ارادیت دینا مسئلے کا واحد، منصفانہ اور پائیدار حل ہے، عالمی برادری فلسطینیوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے فوری اقدامات کرے۔
انہوں نے یوم آزادی پر تمام اہل پاکستان کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ پاک فوج کی پیشہ ورانہ مہارت، جنگی تیاری پر مکمل اعتماد ہے، سرحدوں کی حفاظت کے لیے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔
آرمی چیف نے کہا کہ بھارتی سرکار نے روایتی ہٹ دھرمی دکھائی، پاکستان کی شہری آبادی پر حملہ کیا، قوم کی حمایت سے مسلح افواج نے بھارتی جارحیت کے جواب میں آپریشن بنیان مرصوص کیا، جو تاریخ میں افواج پاکستان کی بہادری، ولولہ انگیز جذے کی علامت بن چکا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاک فوج روایتی، غیرروایتی، ہائبرڈ خطرات سے نمٹنے کے لیے پوری طرح تیار ہے، اپنی آزادی، خودمختاری پر کبھی سمجھوتہ نہیں کریں گے، ہم خطے مین امن، ترقی اور خوشحالی کے متمنی ہیں، پہلگام واقعے کی پاکستان نے نہ صرف مذمت کی بلکہ شفاف عالمی تحقیقات کی پیش کی۔
دریں اثنا، آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا، چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف اور ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے مسلح افواجِ پاکستان کی جانب سے قوم کو پاکستان کے 79ویں یومِ آزادی کے موقع پر دلی مبارکباد پیش کی ہے، یہ دن اتحاد، استقامت اور روشن مستقبل کے لیے مشترکہ وژن پر غیر متزلزل عزم کی فتح کی علامت ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق مسلح افواج کے سربراہان نے بانیانِ پاکستان کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہم ان کے ناقابلِ تسخیر جذبے، پُرعزم عزم اور قائداعظم محمد علی جناح کی بصیرت افروز قیادت میں دی جانے والی بے مثال قربانیوں کو سلام پیش کرتے ہیں، وہ قربانیاں جنہوں نے آزادی کی راہ ہموار کی، آزادی کے مقصد پر ان کا حوصلہ، دور اندیشی اور غیر متزلزل یقین آج بھی ہمارے لیے رہنمائی کا ایک لازوال مینار ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ مسلح افواج اُن عظیم رہنماؤں، مدبر سیاستدانوں اور جان نثار سپاہیوں کو گہری عقیدت و احترام کے ساتھ سلام پیش کرتی ہیں جنہوں نے وطنِ عزیز کی بنیادیں رکھیں اور ان کے ورثے کو ہمیشہ سنبھالے رکھنے کے عزم کا اظہار کرتی ہیں۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ بطور محافظِ وطن ہم پاکستان کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ، آئین کی پاسداری، اور ان اقدار کی حفاظت کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کرتے ہیں جو ہماری قومی شناخت کا حصہ ہیں۔
مسلح افواج کی قیادت نے کہا کہ مسلح افواج اور عوام کے درمیان اٹوٹ رشتہ ہماری اجتماعی قوت کا سنگِ بنیاد ہے، یومِ آزادی کے اس موقع پر آئیے ہم اس عزم کو پھر سے تازہ کریں کہ امن، ترقی اور اتحاد کے لیے مسلسل کوشش کریں گے اور ایمان، اتحاد اور قربانی کے اصولوں پر کاربند رہتے ہوئے ایک مضبوط، خوشحال اور ترقی یافتہ پاکستان کے خواب کو حقیقت میں بدلیں گے۔











لائیو ٹی وی